• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کنٹرول لائن پر کشیدگی، پاکستان نے فضائی حدود کی خلاف ورزی پر بھارتی ڈرون مار گرایا، بھارت نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی، آئی ایس پی آر

پاکستان نے فضائی حدود کی خلاف ورزی پر بھارتی ڈرون مار گرایا


راولپنڈی(نیوز ایجنسیز) بھارت نے اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے خاطر کنٹرول لائن پرکشیدگی پیدا کردی ہے اور پاکستان کی جاسوسی کیلئے ڈرون بھیجا جسے فضائی حدود کی خلاف ورزی پر پاکستان نے مار گرایا۔

بھارتی کواڈ کاپٹر نے سنگ سیکٹر میں 600میٹر پاکستانی حدود کے اندر آکر فضائی جائزہ لینے کی مذموم کوشش کی جبکہ پاک فوج نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے جاسوس ڈرون تباہ کردیا۔ 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی ہے ، بھارتی فورسز کے اس قسم کے غیر ضروری اقدامات دونوں ممالک کے درمیان مقررہ اصولوں کے بھی خلاف ہیں ۔ 

ادھر ماہرین کا کہنا ہے کہ بار بار کی مہم جوئی کے پیچھے مذموم بھارتی عزائم ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق پاک فوج نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرنے پر بھارت کا ڈرون مار گرایا ہے۔

آئی ایس پی آرکے مطابق بھارتی ڈرون نے سنگ سیکٹر میں ایل او سی کی خلاف ورزی کی اور 600 میٹر تک پاکستان کی سرزمین کے اندر آیا۔ 

بھارتی ڈرون نے600 میٹر تک پاکستان کی حدود میں فضائی جائزہ لیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس اقدام پر پاک فوج کے دستوں نے فوری جواب دیا اور کواڈ کاپٹر کو مار گرایا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت کی جانب سے اس قسم کے غیر ضروری اقدامات دونوں ممالک کے درمیان مقررہ اصولوں اور فضائی معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔ 

یہ اقدام بھارتی فوج کی جانب سے 2003 کے جنگ بندی کے معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیکا مظہر ہے۔ جبکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ پاک فوج لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی پر گزشتہ سال بھی بھارت کے 3 ڈرون طیارے گرا چکی ہے، بار با ر کی مہم جوئی کے پیچھے مذموم بھارتی عزائم ہیں۔

وا ضح رہے کہ گزشتہ سال پاک فوج نے بھارت کے 3 ڈرون مار گرایے تھے اس میں پہلا کواڈ کاپٹر سال کے پہلے دن یعنی یکم جنوری کو باغ سیکٹر میں گرایا گیا تھا۔بعدازاں ایک روز بعد ہی بھارت نے دوبارہ پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کی جسے پاک فوج نے ناکام بناتے ہوئے ستوال سیکٹر میں جاسوس ڈرون مار گرایا تھا۔

بعدازاں پلوامہ واقے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کشیدہ اور فضائی جھڑپ بھی ہوئی تھی جس کے کچھ روز بعد بھارت کا ایک جاسوس ڈرونپاکستانی حدود میں 150 میٹر گھس آیا تھا جسے ایل او سی کے رکھچکری سیکٹر میں گرادیا گیا تھا۔

قبل ازیں 6 مارچ 2018 کو ایل او سی کے مقام چری کوٹ سیکٹر میں پاک فوج نے بھارت کا جاسوس کواڈ کاپٹر (ڈرون) مار گرایا تھا۔اکتوبر 2017 میں بھی پاک فوج نے ایل او سی کے قریب رکھ چکری سیکٹر میں جاسوسی کرنے والے بھارتی ڈرون کو مار گرایا تھا۔

نومبر 2016 میں بھارتی ڈرون کنٹرول لائن پر پاکستانی حدود میں 60 میٹر اندر آگیا تھا، جسے پاک فوج کی آگاہی پوسٹ نے نشانہ بنا کر گرادیا تھا۔ 

ماہرین کے مطابق پاک فوج لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی پر گزشتہ سال بھی بھارت کے 3 ڈرون طیارے گرا چکی ہے، بار با ر کی مہم جوئی کے پیچھے مذموم بھارتی عزائم ہیں۔

تازہ ترین