کوئٹہ ( آن لائن‘این این آئی ) بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل ) کے سربراہ اورحکومت کے اتحادی سردار اختر مینگل نے کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان کو دورہ کوئٹہ کےموقع پر غلط بریفنگ دی گئی ‘زمینی حقائق کچھ اورہیں ‘کوئٹہ میں نہ ٹیسٹنگ کٹس ہیں اور نہ ہی صحت کی سہولیات جس سے اندازہ لگایا جاسکتاہے کہ باقی علاقوں میں کیا حال ہوگا ۔جمعرات کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں اخترمینگل نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں آپکو بتانا چاہتا ہوں کہ آپکو کورونا وائرس سے متعلق جو بھی بریفنگ دی گئی ہے وہ مکمل طور پر ناقص ہے جبکہ زمینی حقائق کچھ اور ہیں‘ بنیادی حفاظتی آلات کی عدم فراہمی کی وجہ سے ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملہ احتجاج پر ہے جبکہ صوبے میں حفاظتی انتظامات اور آلات نہ ہونے کے برابر ہیں‘ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کا یہ حال ہے تو اندرون بلوچستان کیا صورتحال ہوگی، جبکہ دورے کے دوران آپکو "سب اچھا ہے" کا جو تاثر دیا گیا ہے وہ سراسر غلط ہے‘ صوبائی حکومت مکمل طور پر غافل اور کورونا وائرس کے صوبے میں پھیلا ؤکی ذمہ دار ہے۔