پاکستان شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے معروف فنکاروں نے سینئر اداکار منظر صبہائی اور سینئر اداکارہ ثمینہ احمد کو سوشل میڈیا کے ذریعے شادی کی مبارکباد دی۔
گزشتہ دِنوں سینئر اداکار منظر صبہائی اور سینئر اداکارہ ثمینہ احمد رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے جس کی خبر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی اور اب اِس خبر کے وائرل ہونے کے بعد نامور فنکار منظر صہبائی اور ثمینہ احمد کو شادی کی مبارکباد دیتے نظر آرہے ہیں۔
پاکستان شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے معروف اداکار حمزہ علی عباسی نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر سینئر اداکار منظر صبہائی اور سینئر اداکارہ ثمینہ احمد کو شادی کی مبارکباد دیتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ ’اِس مشکل وقت میں آپ دونوں کی شادی کی اتنی اچھی خبر سُننا ہمارے لیے بہت خوشی کی بات ہے۔‘
حمزہ علی عباسی نے لکھا کہ ’اللّہ تعالیٰ آپ دونوں کے درمیان محبت بڑھائے، آپ دونوں کی زندگی میں برکت عطا کرے آمین۔‘
معروف اداکارہ منشا پاشا نے ٹوئٹر پر منظر صہبائی اورثمینہ احمد کو شادی کی مبارکباد دیتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ ’ثمینہ آپا اور منظر صہبائی کی شادی کی خبر میرے چہرے پر مُسکراہٹ لے کر آئی ہے۔‘
منشا پاشا نے لکھا کہ ’آپ دونوں سفید رنگ کے لباس میں انتہائی خوبصورت لگتے ہیں اور ساتھ ہی بہت زیادہ خوش بھی نظر آتے ہیں۔‘
اداکارہ نے لکھا کہ ’آپ دونوں ہمیشہ خوش رہیں اور آپ دونوں کا شکریہ کہ آپ اِس تاریک وقت میں ہمارے چہروں پر مُسکراہٹ لے کر آئے ہیں اور پھر سے ہمارے دل میں ایک اُمید پیدا کی ہے۔‘
پاکستان شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے معروف اداکار و میزبان احمد بٹ نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ثمینہ احمد اور منظر صہبائی کو ایک خوبصورت سفر کے آغاز پر مبارکباد دیتا ہوں۔‘
احمد بٹ نے لکھا کہ ’مجھے یاد ہے کہ میں نے جب پہلی بار ٹیلیوژن میں کام کیا تھا تو وہ ثمینہ آنٹی کے بیٹے کی ہدایت کاری میں کیا تھا۔‘
اُنہوں نے لکھا کہ ’آج میں آپ کے لیے بہت زیادہ خوش ہوں، اللّہ تعالیٰ آپ دونوں کو سلامت رکھے آمین۔‘
واضح رہے کہ سینئر اداکار منظر صہبائی نے حال ہی میں جیو ٹی وی کے معروف ڈرامے ’الف‘ میں عبدالعلیٰ کا کردار ادا کیا ہے اور اِس کے علاوہ بھی وہ بہت سے ڈراموں اور فلموں میں سینئر اداکار کی حیثیت سے کام کرچکے ہیں جبکہ سینئر اداکارہ ثمینہ احمد نے بھی پاکستان کے مشہور ڈراموں میں کام کیا ہے۔