صدر مسلم لیگ نون میاں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ انسانیت کورونا سے لڑ رہی ہے اور ایسے ماحول میں بھی بھارت جنگی جنون میں مبتلا ہے۔
مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف میاں محمد شہباز شریف نے ایک بیان میں بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی بلا اشتعال خلاف ورزیوں کی مذمت کی ہے۔
میاں شہباز شریف نے بھارتی فوج کی گولہ باری کے نتیجے میں بچی سمیت 4 شہریوں کے زخمی ہونے پر اظہارِ افسوس کیا ہے۔
انہوں نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے بھارت کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنانے کا نوٹس لینے کی اپیل بھی کی ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں سیز فائر معاہدے کی متعدد بار خلاف ورزیاں سامنے آئی ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کےسربراہ میجر جنرل بابر افتخار کے مطابق بھارتی فوج کی گزشتہ 24 گھنٹوں میں لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال گولہ باری کے نتیجے میں 4 شہری زخمی ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیئے: شہباز شریف کا لاہور کے دیہی علاقے کا دورہ
انہوں نے بتایا کہ بھارتی فورسز نے ایل او سی کے ساتھ واقع شاردہ، شاہ کوٹ، ڈھڈیال سیکٹر پر بلااشتعال گولہ باری کی ہے جس کے نتیجے میں چھری بسن والی گاؤں کی رہائشی ایک بچی سمیت 4 افراد زخمی ہو گئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے یہ بھی بتایا کہ بھارتی افواج نے جان بوجھ کر سویلین آبادی کو نشانہ بنایا ہے۔