اسلام آباد ہائی کورٹ میں کل اہم مقدمات، سماعت کے لیے مقرر کیے گئے ہیں، ہائی کورٹ رجسٹرار آفس کی جانب سے جاری کاز لسٹ کے مطابق لاک ڈاؤن میں نجی تعلیمی اداروں کی فیسوں میں 20 فیصد کمی کے فیصلے کے خلاف درخواست پر بھی سماعت ہوگی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نجی اسکولز کی درخواست پر سماعت کریں گے، جبکہ پی ٹی آئی کی 3 خواتین ممبران قومی اسمبلی کی نا اہلی کے لیے دائر انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت ہوگی۔
مذکورہ سماعت جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس فیاض احمد جندران سماعت کریں گے۔
پی ایم ڈی سی سے متعلق توہین عدالت کیس کی سماعت جسٹس محسن اختر کیانی کریں گے، اس کے علاوہ چیئر پرسن مسابقتی کمیشن آف پاکستان ودیا خلیل اور دو ممبران کی تعیناتی کیخلاف کیس کی سماعت ہوگی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ اور جسٹس عامر فاروق سماعت کریں گے۔
جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں ملزم خواجہ انور مجید کی ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوگی، جس کی سنوائی جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی کریں گے۔