سکھر قرنطینہ سے اچھی خبر آگئی، 272 کورونا وائرس کے شکار مسافروں میں سے 267 صحت یاب ہوکر گھروں کو روانہ ہوگئے، قرنطینہ میں تعینات کورونا کا شکار ڈاکٹر بھی صحت یاب ہو گیا جبکہ ایک خاکروب کا ٹیسٹ مثبت آنے پر قرنطینہ کردیا گیا۔ تاہم مقامی سطح پر ایک بزرگ خاتون میں پہلا کیس مثبت آیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر رانا عدیل کے مطابق تفتان بارڈر سے قرنطینہ سکھر میں 14 مارچ سے اب تک 1212 مسافروں کو منتقل کیا گیا جن میں سے 272 مسافروں میں کورونا وائرس پایا گیا تھا جس میں سے 267 مکمل صحت یاب ہوچکے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر 1171 مسافروں کو قرنطینہ سے گھروں کو روانہ کیا جاچکا ہے، قرنطینہ میں اب 42 افراد موجود ہیں جن میں ایک کورونا سے متاثر خاکروب سمیت 6 مریض بھی شامل ہیں۔
رانا عدیل نے کہا کہ ہم نے مزید ٹیسٹ کرانے کیلئے صوبائی حکومت سے درخواست کی ہوئی ہے کہ یہاں پر جو بھی عملہ کام کرتا ہے اس کا حق ہے کہ اس کا ٹیسٹ کرایا جائے تاکہ وہ بالکل مطمئن ہوکر اپنے گھر جائیں۔
ڈی سی کے مطابق سکھر میں مقامی طور پر کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا ہے، ستر سالہ ضعیف خاتون نازک حالت میں اسپتال میں زیر علاج ہیں جبکہ خاتون کے اہل خانہ کو ان کی رہائش گاہ پر قرنطینہ کردیا گیا ہے۔