کوئٹہ (خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے غیر معیاری،زائدالمیعاد اور مضر صحت اشیائے خورد نوش کی فروخت پر متعدد مراکز پر جرمانہ عائد کردیا، بی ایف اے معائنہ ٹیموں نے جان محمد روڈ، فقیر محمد روڈ، اسپنی روڈ،مغربی بائی پاس، ایئرپورٹ روڈ اور سبزل روڈ میں قائم میٹ شاپس،بیکریوں،جنرل سٹورز و ڈیپارٹمنٹل اسٹورز کا معائنہ کیا اور اشیاء کی کوالٹی اور صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا،دوران معائنہ ایک ڈپارٹمنٹل سٹور اور ایک جنرل سٹور کو زائد المیعاد خوردنی اشیاء جن میں کوکنگ آئل،گھی،مشروبات،کسٹرڈ پاؤڈر،پیکڈ پاپڑ اور مضر صحت وممنوعہ گٹکا، پان پراگ کی فروخت جبکہ تین میٹ شاپس کو غیر معیاری گوشت کی فروخت و صفائی کی ابتر صورتحال پر جرمانہ کیا گیا۔بعد ازاں مذکورہ ڈیپارٹمنٹل اور جنرل سٹور سے برآمد ہونے والی زائدالمیعاد و دیگر مضر صحت اشیاء کو تلف کر دیا گیا۔فوڈ اتھارٹی حکام نے متعدد کھانے پینے کے مراکز کو معیار ی و محفوظ اشیا ء کی فروخت اور صفائی کے مناسب انتظامات کرنے کی ہدایت کی اس سلسلے میں مراکز مالکان و عملے کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق عوام کو غذائی اشیاء کی فراہمی یقینی بنانے سے متعلق آگاہی دی گئی جبکہ اس ضمن میں انہیں اصلاحی نوٹسز اور خصوصی ہدایت نامے بھی جاری کیے گئے۔