وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے راولپنڈی، منڈی بہاء الدین اور گوجر خان میں احساس کفالت پروگرام کے تحت مالی امداد تقسیم کرنے والے مراکز کا دورہ کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں مالی امداد کا اتنا تیز ترین اور شفاف پروگرام پہلے کبھی نہیں آیا۔
راولپنڈی میں ہلال احمر اسپتال میں چیئرمین ابرار الحق نے وزیرعلیٰ پنجاب کو بریفنگ دی اور کہا کہ ادارے کا اسپتال 150 بستروں پر مشتمل ہے، جہاں آئی سی یو وارڈ بھی بنایا گیا ہے۔
عثمان بزدار پہلے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول بکھی شریف منڈی بہاء الدین پہنچے جہاں مالی امداد کی تقسیم کے مرکز کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد بھی ہمراہ تھیں، وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ کمزور طبقے کو ریلیف دینے کے لئے مالی امداد کا شفاف ترین پروگرام شروع کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ پنجاب میں مالی امداد کے پروگرام کی خود نگرانی کر رہےہیں، مستحق افراد کو بہترین سہولتیں دے کر دنیا اور آخرت میں سرخرو ہوا جا سکتا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب بعد میں گوجر خان گئے جہاں نے انہوں نے مقامی اسکول میں قائم مالی امداد کے مرکز کا دورہ کیا۔