• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سشمیتا سین نے اپنے ’ویننگ گاؤن‘ کی کہانی سُنا دی


1994 میں مِس انڈیا بننے والی بھارتی اداکارہ سشمیتا سین نے اپنے’ویننگ گاؤن‘  کی کہانی سُنا دی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

گزشتہ دِنوں سے سوشل میڈیا پر بھارتی اداکارہ سشمیتا سین کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ ایک بھارتی ٹی وی شو میں موجود ہیں اور وہاں موجود اپنے مداحوں کو بتا رہی ہیں کہ جب اُنہوں نے 1994 میں مِس انڈیا کا خطاب اپنے نام کیا تھا تو اُنہوں نے اُس وقت جو ’ویننگ گاؤن‘ زیب تن کیا تھا وہ کس نے اور کس طرح بنایا تھا۔


سشمیتا سین نے بتایا کہ ’جب میں نے مِس انڈیا مقابلے میں حصہ لیا تھا تو اُس وقت میری فیملی کے پاس اتنے پیسے نہیں تھے کہ وہ مجھے ڈیزائنر ڈریس خرید کر دیتے کیونکہ اُس وقت مجھے چار ڈریس چاہیے تھے۔‘

بھارتی اداکارہ نے بتایا کہ ’میرا تعلق ایک مڈل کلاس گھرانے سے تھا اور مجھے میر ی مجبوریاں اور حدیں معلوم تھیں۔‘

اُنہوں نے بتایا کہ ’میری ماں نے مجھ سے کہا کہ اگر ہمارے پاس اتنے وسائل نہیں ہیں تو کیا ہوا لوگ کپڑے دیکھنے نہیں آئیں گے بلکہ تمہیں دیکھنے آئیں گے۔‘

سشمیتا سین نے بتایا کہ ’اُس کے بعد میں اور میرا ماں ایک مقامی مارکیٹ سے کپڑے خرید کر لائے اور پھر وہ کپڑے ہمارے گیراج کے ایک درزی کو تھما دیے اور اُن سے کہا کہ میں یہ کپڑے پہن کر ٹی وی پر آؤں گی تو اِس لیے گاؤن اچھا بنانا۔‘

بھارتی اداکارہ نے بتایا کہ ’اُس کے بعد اُس مقامی درزی نے اُس عام کپڑے سے میرا ’ویننگ گاؤن‘ تیار کیا اور میری ماں نے بچے ہوئے کپڑے سے پھول بناکر میرے گاؤن پر لگایا۔‘

اُنہوں نے بتایا کہ ’میری ماں نے میرے لیے نئے کالے موزے خرید کر اُن کو کاٹ کر میرے لیے دستانے بنائے تھے جو میں نے اپنے ’ویننگ گاؤن‘ کے ساتھ پہنے تھے۔‘

سشمیتا سین نے کہا کہ ’میرے لیے وہ دن بہت خاص ہے جس دن میں وہ ’ویننگ گاؤن‘ پہن کر مِس انڈیا جیتی تھی۔‘

بھارتی اداکارہ نے کہا کہ ’اس سے مجھے یہ سیکھنے کو ملا کہ انسان کو کچھ حاصل کرنے کے لیے پیسوں کی ضرورت نہیں ہوتی ہے بلکہ انسان کی نیت صاف ہونی چاہیے۔‘

واضح رہے کہ 1994 میں مِس انڈیا کا ٹائٹل جیتنے کے بعد سشمیتا سین نے بالی ووڈ کی بہت سی نامور فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دِکھائے ہیں جن میں’ بیوی نمبر1‘، ’میں نے پیار کیوں کیا‘ اور’ میں ہوں ناں‘ وغیرہ شامل ہیں۔

تازہ ترین