ملتان(نمائندگان جنگ)میاں چنوں ، لیہ اور رحیم یار خان میں خاتون سمیت 3افرادکو قتل کر دیا گیا،میاں چنوں کے نواحی علاقے تلمبہ کے موضع میر پور کا رہائشی محمد وکیل اپنےدوستوں کے ساتھ رات کو گھر واپس آرہا تھا کہ راستے میں چھپےمخالفین محمد اسلم ،محمد عامروغیرہ5افراد نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں محمد وکیل موقع پر جاں بحق ہو گیا ،ملزمان موقع سے فرار ہو گئے ۔پولیس تھانہ تلمبہ نے مقدمہ درج کر کےلاش پوسٹ مارٹم کے لئے تلمبہ ہسپتال منتقل کر دی اور ملزمان کی تلاش شروع کر دی ۔بتایا جاتا ہے کہ رانا اورتھراج برادری میں گزشتہ دوسال سے 4کنال 6مرلے رقبہ کا تنازع چلاآرہا تھا ،پہلے بھی دونوں گروپوں میں دوبارلڑائی ہو چکی ہے جس میںایک شخص کی آنکھ ضائع ہو گئی تھی۔ لیہ کے نواحی علاقے کوٹ سلطان کےچکنمبر 172ٹی ڈی اے کی بستی پناہ کھرل شرقی کے ریاض احمد کونہ کی شادی شہباز احمد کیگونگی بہری بیٹی منور بی بی سے ہوئی ،جس سے ایک بیٹی بھی پیدا ہوئی ، 8 ماہ قبل میاں بیوی کی لڑائی پر منور بی بی اپنے والدین کے گھر چلی گئی ،گزشتہ شب اس کے خاوند ریاض احمد اور دیور خدا بخش نے منور بی بی کو اس کے والدین کے گھر جا کرفائرنگ کر کے قتل کر دیا ،پولیس تھانہ پیر جگی شریف نے مقتولہ کے والد شہباز احمد کی درخواست پر صرف خدا بخش کیخلاف مقدمہ درج کر لیا ،جبکہ مقتولہ کے خاوند پر مقدمہ درج نہیں کیا، مقتولہ کے والد شہباز احمد نے بتایا کہ پولیس نے اس کی درخواست کے برعکس مقدمہ درج کیا ہے ، اس کا داماد سیاسی اثر رسوخ رکھتا ہے ، مقتولہ منور بی بی کی لاش پوسٹمارٹم کے بعد ورثاء کے سپرد کر دی گئی،ایس ایچ او فیض محمد ڈلو نے جنگ کو بتایا کہ ایک ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے ،مزید تفتیش کی جا رہی ہے ۔رحیم یارخان کےموضع شاہ پور میں گھریلو تنازع پر اسلم اپنے والد سعید احمد کے ساتھ جھگڑرہا تھا،اس دوران ہمسائے غلام حیدر کی والدہ پٹھانی مائی نے موقع پر جا کر چھڑانے کی کوشش کی تو ملزم اسلم نے دھکا دیدیا جس سے وہ دیوار کے ساتھ ٹکر اکر بے ہوش ہوگئی،خاتون کو ہسپتال لے جایا جارہا تھا کہ راستے میں ہی دم توڑ گئی پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔