پاکستان کے نامورفنکار MeAt20 کا چیلنج قبول کرتے ہوئے اپنی 20 سال کی عُمر کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے لگے۔
گزشتہ کچھ دِنوں سے سوشل میڈیا پر ایک چیلنج چل رہا ہے جس میں صارفین اپنی 20 سال کی عُمر کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کررہے ہیں اِس چیلنج کا نام MeAt20 ہے اور دیگر صارفین کی طرح اب پاکستان کے نامور فنکار بھی اِس چیلنج کو قبول کرتے ہوئے اپنی 20 برس کی عُمر کی تصاویر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کرتے نظر آرہے ہیں۔
پاکستان کے معروف گلوکار علی ظفر نے ٹوئٹر پر اپنی 20 سال کی عُمر کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’مجھے یاد ہے کہ جب میں 20 سال کا تھا اور میں روزانہ 16 سے 18 گھنٹے خطاطی کرتا تھا، اُس وقت میں نے اپنی فیملی کی مدد سے 4 سے 5 لاکھ روپے جمع کرکے اپنا پہلا ایلبم جاری کیا تھا۔‘
علی ظفر نے لکھا کہ ’اِس نے پانچ سال لیے تھے اور میں نے اپنا گانا ’چھنو‘ اور ’حُقّا پانی‘ ریلیز کیا تھا، میں وہ وقت کبھی نہیں بھول سکتا۔‘
پاکستانی ٹی وی اور ڈراما انڈسٹری کے نامور اداکار اعجاز اسلم نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنی 20 سال کی عُمر کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’بالآخر مجھے میری 20 برس کی تصویر مل ہی گئی۔‘
اعجاز اسلم نے لکھا کہ ’اگر مجھے اِس کےعلاوہ بھی دیگر تصاویر ملیں تو میں سوشل میڈیا پر ضرور شیئر کروں گا۔‘
نامور گلوکار و سماجی کارکن شہزاد رائے نے ٹوئٹر پر اپنی 20 سال کی عُمر کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’کبھی ہم بھی 20 برس کے ہوا کرتے تھے۔‘
ژالے سرحدی نے تصویر اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی ماضی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ اُس وقت کی تصویر ہے جب میں نے ماڈلنگ کا آغاز کیا تھا اور یہ میرے پہلے شوٹ کی تصویر ہے۔‘
اداکارہ نے لکھا کہ ’میں اُس وقت 20 برس کی تھی اور میں نے اپنا MeAt20 کا چیلنج پورا کرلیا ہے۔‘
پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار ہمایوں سعید نے بھی انسٹاگرام پر اپنی تصویر شیئر کی جس میں اداکار 20 برس کے ہیں۔
ہمایوں سعید نے اپنی پوسٹ میں ہیش ٹیگ MeAt20 بھی استعمال کیا۔