• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعلیٰ پنجاب کا ٹوبہ ٹیک سنگھ اور جھنگ کا دورہ

وزیراعلیٰ پنجاب کا ٹوبہ ٹیک سنگھ اور جھنگ کا دورہ


وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ٹوبہ ٹیک سنگھ اور جھنگ میں احساس کفالت پروگرام کے سینٹرز کا دورہ کیا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ محکمہ صحت پنجاب کو کورونا سے نمٹنے کیلئے 15 ارب روپے کے فنڈز مہیا کیے ہیں، وہ خود صوبے میں مالی امداد کی تقسیم کے پروگرام کی نگرانی کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلی اور آخری ترجیح کورونا کا پھیلاؤ روکنا ہے، مل کر کورونا کو شکست دیں گے، دیگر چیلنجز کا بھی مقابلہ کرنا ہے۔

عثمان بزدار نے مزید کہا کہ کورونا مریضوں کے علاج معالجے میں مصروف ڈاکٹروں اور اسٹاف پر قوم کو ناز ہے، دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والے مسیحاؤں نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے دورے کے دوران کورونا کی روک تھام، گندم خریداری مہم اور انسداد ڈینگی کے حوالے سے اجلاسوں کی صدارت کی۔

عثمان بزدار نے اس موقع پر جھنگ میں تریموں ہیڈ ورکس کے توسیعی منصوبے کا معائنہ کیا اور خراب کارکردگی پر محکمہ آبپاشی کے ایکسین کو معطل کرنے کا حکم دے دیا۔

انہوں نے کہا کہ غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں، جو افسر کام نہیں کرے گا عہدے پر نہیں رہے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال کا دورہ کیا، پناہ گاہ اور احساس کفالت تقسیم مرکز کا معائنہ کیا۔

ڈی سی آفس ٹوبہ ٹیک سنگھ میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ہمارا عزم کورونا سے بہت بلند ہے، اب تک 17 شہروں کے دورے کر چکا ہوں۔

وزیراعلیٰ سے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ٹوبہ ٹیک سنگھ ڈاکٹر ممتاز سیال اور ایم ایس ڈاکٹر فائزہ نے بھی ملاقات کی۔

وزیراعلیٰ رکن پنجاب اسمبلی بلال اصغر وڑائچ کی رہائشگاہ بھی گئے اور والدہ کی وفات پر اُن کے ساتھ تعزیت کی۔

تازہ ترین