راولپنڈی (آن لائن) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نیب نے میری مذاق میں کہی ہوئی بات کو سنجیدہ لے لیاہے، موجودہ حالات میں سیاست نہیں ہونی چاہیے، سب لوگوں کو ایک لائن پر کھیلنا ہوگا، شہباز شریف کورونا کی وجہ سے نہیں بلکہ قومی حکومت کا خواب لیکر آئے تھے، میں نے وزیراعظم سے کہاہے کہ تمام میڈیا اور سیاستدانوں سے دوستی کرلیں، شہباز شریف نیب نہیں آئینگے، انہیں جا کر پکڑنا ہوگا، نیب میں میرے دو موکل ہیں، 31 مئی تک حفاظتی اقدامات کے ساتھ محدود مسافر ٹرینیں چلانے کا امکان ہے، ریلوے کے پاس آئیسولیشن کیلئے بہت ڈبے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی میں قائم کورونامینجمنٹ اسپتال کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وائس چانسلر میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر عمر نے شیخ رشید احمد کی کورونا کے حوالے سے اٹھائے جانے اقدامات بارے بریفنگ دی اورراولپنڈی میں کورونا وائرس کے مریضوں کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کیا۔ شیخ رشید نے ڈاکٹروں، پیرامیڈیکل سٹاف اور دیگر عملے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم مزیداسپتال بنانے جا رہے ہیں، راجہ بازارمیں سینما توڑ کر اسپتال بنایا جائے گا،سب لوگوں کو عمران خان کے فنڈ میں دل کھول کر عطیہ دینا چاہیے، مراد علی شاہ کو بھی بولا ہے کہ گرفتار لوگوں کو چھوڑ دیں ، ریلوے کے مزدوروں نے 5 کروڑ روپے سے زائد عطیہ کیا، کورونا وائرس کے مریضوں کیلئے ہماری ٹرین مکمل طور پر تیار ہے جب چاہے ٹرین استعمال کر سکتے ہیں۔نیب سے متعلق سوال پر انہوںنے کہاکہ نیب میں میرے 2 موکل ہیں، میں نے دم والی بات مذاق میں کی تھی۔ میرے سنگل کالم بیان کو نیب نے 7 کالم بنا دیا۔