اسلام آباد (صالح ظافر) ملک میں بچوں کیلئے آنکھوں کا جدید ترین اسپتال راولپنڈی میں تعمیر کیا جا رہا ہے جس کا سنگ بنیاد بدھ کو الشفاء ٹرسٹ آئی اسپتال کے 25؍ سال مکمل ہونے پر رکھا جا رہا ہے۔ ٹرسٹ کی سلور جوبلی کی تقریبات کا آغاز بچوں میں آنکھوں کی بیماریوں کے مسائل پر ایک سیمینار سے ہوا جس کے بعد دیگر سیمینارز بھی ہوں گے۔ الشفا ٹرسٹ کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) حامد جاوید نے دی نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ 25؍ برسوں کے دوران الشفاء ٹرسٹ نے ملک کے 60؍ لاکھ غریب افراد کو مفت علاج اور 6 لاکھ افراد کو آپریشن کی سہولت فراہم کی۔ یہ ٹرسٹ مخیر شخصیت اور سابق گورنر اور کور کمانڈر جنرل مرحوم جہانداد خان نے قائم کیا تھا۔