فیصل آباد میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 4 ملزمان ہلاک ہوگئے۔ مارے جانے والوں میں 2 ملزمان 5 سالہ بچے کو زیادتی کے بعد قتل کرنے کے مقدمے میں گرفتار تھے۔
پولیس آلۂ قتل کی برآمدگی کے لیے ملزمان کو لے جا رہی تھی کہ ملزمان کے ساتھیوں نے انہیں چھڑانے کے لیے حملہ کر دیا اور فائرنگ کے تبادلے میں 4 ملزمان مارے گئے۔
پولیس ترجمان کے مطابق بچے سے زیادتی کے بعد قتل میں ملوث ملزمان غلام عباس اور عمیر کو آلۂ قتل برآمد کرنے کے لیے لے جایا جا رہا تھا کہ ڈیرہ سائین قبرستان کے قریب ان کے ساتھیوں نے فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کے تبادلے میں دونوں زیرحراست ملزمان اور ان کے 2 حملہ آور ساتھیوں سمیت 4 افراد مارے گئے، جن کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے الائیڈ اسپتال منتقل کر دی گئیں۔