سابق بھارتی کپتان کپل دیو نے پاکستان کے بھارت کے خلاف نہ کھیلنے کے فیصلے پر کہا ہے کہ ایسے فیصلے حکومت اور کرکٹ بورڈ کی پالیسی کے تحت کیے جاتے ہیں۔
کپل دیو نے بھارتی ٹی وی کے ایک پروگرام میں شرکت کی جہاں ان سے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدہ سیاسی صورتِ حال کی وجہ سے کرکٹ پر پڑنے والے اثرات کے بارے میں پوچھا گیا۔
ان سے موجودہ صورتِ حال کے بارے میں یہ سوال پوچھا گیا کہ بھارت کے گراؤنڈز پر پاکستانی نہیں کھیلیں گے اور پاکستان کے گراؤنڈز پر بھارت نہیں کھیلے گا تو اس صورتِ حال کے بارے میں آپ کیا کہیں گے؟
سابق بھارتی کرکٹر نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سچ کہوں تو یہ میرا کام نہیں ہے، یہ حکومت کی ذمے داری ہے اور کرکٹ بورڈ کی ذمے داری ہے، مجھے اس سے کیا لینا دینا؟
اُنہوں نے کہا کہ دیکھیں، مجھے لگتا ہے کہ اس معاملے میں میری رائے سے کوئی فرق نہیں پڑتا، ملک کی پالیسی اہم ہے۔
کپل دیو نے کہا کہ ملک کی پالیسی کچھ بھی ہو، ہم جیسے لوگوں کو اس کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے کیونکہ جب ہم جیسے لوگ بیان دینا شروع کر دیتے ہیں تو اس سے عوام الجھن کا شکار ہو جاتے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ میں یہاں کسی کو الجھانے نہیں آیا ہوں، میں بس یہی کہوں گا کہ اپنی حکومت اور کرکٹ بورڈ کے ساتھ کھڑے ہوں پھر وہ صحیح ہیں یا غلط ہیں، یہ وقت بتائے گا۔