ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026ء میں مختلف ٹیموں میں کچھ زیادہ عمر کے کھلاڑی اس مرتبہ بھی ایکشن میں نظر آئیں گے۔
کل 7 فروری سے شروع ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026ء کے حوالے سے کئی دلچسپ چیزیں سامنے آ رہی ہیں، ایسی ہی ایک بات یہ ہے اس مرتبہ کئی عمر رسیدہ کھلاڑی بھی میدان میں ایکشن میں ہوں گے۔
عمان کے آل راؤنڈر محمد ندیم کی عمر 43 سال ہے، وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026ء میں شرکت کرنے والے سب سے عمر رسیدہ کھلاڑی ہیں۔
محمد ندیم اب تک 70 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں، جن میں انہوں نے 805 رنز اسکور کیے اور 40 وکٹیں حاصل کیں۔
اس کے بعد اٹلی کے کپتان وین میڈسن ہیں جن کی عمر 42 سال ہے۔
انہوں نے اب تک 7 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے ہیں، جن میں انہوں نے 205 رنز اسکور کیے ہیں۔
میڈسن کہتے ہیں کہ اب بھی ٹیم کے لیے بہت کچھ کر سکتا ہوں۔
نیدرلینڈز کے 41 سالہ رولوف وین ڈر مروے بھی عمر رسیدہ کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہیں، وہ اب تک 66 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں، جن میں انہوں نے561 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 74 وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔
واضح رہے کہ رولوف وین ڈر مروے اُن چند کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنہیں دو ممالک کی جانب سے بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے کا اعزاز حاصل ہے، انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز جنوبی افریقا سے کیا اور بعد ازاں نیدرلینڈز کی نمائندگی کی۔
علاوہ ازیں41 برس کے افغانستان کے محمد نبی بھی اس مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔
محمد نبی نے اب تک 147 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے ہیں، جن میں 2430 رنز اسکور کرنے کے ساتھ ساتھ وہ 104 وکٹیں بھی حاصل کر چکے ہیں۔
واضح رہے کہ محمد نبی کو ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ایک اچھا آل راؤنڈر مانا جاتا ہے۔
زمبابوے کے بیٹر برینڈن ٹیلر 40 سال کی عمر میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کر رہے ہیں۔
برینڈن ٹیلر اب تک زمبابوے کی جانب سے 58 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں، جن میں انہوں نے 1185 رنز بنائے، اس فارمیٹ میں ان کے نام ایک سنچری اور 6 نصف سنچریاں درج ہیں۔