• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہارون نے 10سال بعد پہلی’سولو‘ میوزک ویڈیو جاری کردی


پاکستان کے معروف گلوکار ہارون رشید نے قرنطینہ میں رہتے ہوئے 10 سال بعد اپنی پہلی’سولو‘ میوزک ویڈیو ریلیز کردی۔

کورونا وائرس کی اِس مشکل گھڑی میں پاکستانی موسیقی کی دُنیا کے نامور بینڈ ’آواز‘ کے گلوکار ہارون رشید نے قرنطینہ میں رہتے ہوئے ایک لمبے عرصے کے بعد اپنا نیا گانا ’ڈھونڈوں گا‘ ریلیز کردیا، ہارون رشید کے اِس گانے میں حقیقی دُنیا کے بجائے گرافکس کا استعمال کرکے دُنیاوی زندگی کو دِکھایا گیا ہے۔

ہارون رشید نے اپنے اِس نئے گانے کی یوٹیوب لنک مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں 10 سالوں میں اپنی پہلی ’سولو‘ میوزک ویڈیو’ڈھوندوں گا‘ کی شکل میں شیئر کرنے کے لیے بہت ہی زیادہ پُر جوش ہوں۔‘

گلوکار نے لکھا کہ ’میں نے فیس بُک پر اپنا یہ نیا گانا شیئر کیا جہاں کچھ ہی گھنٹوں میں 3 لاکھ افراد اِس گانے کو دیکھ چُکے ہیں اور اب میں یہاں ٹوئٹر پر اپنے نئے گانے’ڈھونڈوں گا‘ کا یوٹیوب لنک شیئر کررہا ہوں۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’اِس گانے کو سُن کر لطف اندوز ہوں اور اِس گانے کے پیچھے کی دلچسپ تاریخ کو پڑھیں۔‘

ہارون رشید نے یوٹیوب پر اپنے اِس گانے کی تفصیلات میں لکھا کہ ’میں نے اِس گانے کی ویڈیو کچھ سال قبل بنائی تھی لیکن میں نے اپنے اِس گانے کو ریلیز نہیں کیا تھا کیونکہ میں دوسرے کاموں میں کافی مصروف تھا۔‘

گلوکار نے لکھا کہ ’چونکہ اب ہم سب گھر میں ہیں اور ہمارے پاس کرنے کو کچھ نہیں ہے تو میں نے سوچا کہ کیوں نہ اپنے اِس گانے کو ہی ریلیز کردیا جائے۔‘

یاد رہے کہ ’سولو‘ میوزک ویڈیو کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ اُس ویڈیو میں صرف ایک شخص کے علاوہ کوئی دوسرا شخص نہیں ہوتا، اُس پوری ویڈیو کی کہانی صرف اُس ایک شخص کے اردگرد گھوم رہی ہوتی ہے اور زیادہ تر لوگ اِس میں گرافکس کا استعمال کرتے ہیں۔

تازہ ترین