• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سجاد علی کے ’دوست ‘ نے دھوم مچادی


پاکستان میوزک انڈسٹری کے لیجنڈ گلوکار سجاد علی نے اپنا گانا ’دوست‘ ریلیز کردیا جس نے سوشل میڈیا پر دھوم مچادی ۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر گلوکار نے 04 منٹ اور 20 سیکنڈ پر مبنی اپنے نئے گانے ’دوست‘ کی ویڈیو شیئر کی اور بتایا کہ تخلیقی صلاحیتوں کو قرنطینہ نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے مداحوں کو گانے کے بارے میں بتاتے ہوئے لکھا کہ ’دوست‘ گانے کی ویڈیو 24 گھنٹے کے مسلسل  لاک ڈاؤن کے دوران تخلیق کی گئی۔

سجاد علی نے اپنا نیا گانا ’دوست‘ دنیا بھر میں موجود مداحوں کے نام کرتے ہوئے گانے سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ ساتھ گھر پر رہنے اور محفوظ رہنے کا مشورہ بھی دیا۔

گانے کی ویڈیو بلیک اینڈ وائٹ ہے جو سجاد علی پر ہی فلمائی گئی ہے ، گانا ’دوست‘  سجاد علی اسٹوڈیوز کی پروڈکشن ہے۔

سجاد علی کے نئے گانے کو اُن کے مداحوں کی جانب سے خوب سراہا اور پسند کیا جارہا ہے، صارفین اس گانے کو ایک نیا شاہکار قرار دے رہے ہیں۔

گانے کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ گانے کی ویڈیو کو 16 گھنٹے کے مختصر وقت میں 45 لاکھ سے زائد لوگ دیکھ چکے ہیں۔

سجاد علی گائیکی کے ساتھ ساتھ کمپوزنگ میں بھی یکساں مہارت رکھتے ہیں جس کا منہ بولتا ثبوت ان کے ہرگانے کی کامیابی ہے۔

ٹوئٹر پر اپنا نیا گانا ’دوست‘ شیئر کرتے ہوئے سجاد علی نے گانے کا بول ’ہمیں ناکام ہوتا دیکھنے کا، بڑا ہی شوق تھا زمانے کو‘ لکھا۔

90ء کی دہائی میں گلوکاری کے شعبے میں حکمرانی کرنے والے سجاد علی پاکستان میوزک انڈسٹری کو کئی کامیاب گانے دے چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: سجاد علی نے آن لائن کنسرٹ کرنے کا اعلان کردیا

مسحور کن آواز کے مالک سجاد علی کا اس سے قبل ریلیز ہونے والا گانا ’بارش‘ بھی بے حد مقبول ہوا تھا۔

پاپ اور کلاسیکل موسیقی پر یکساں عبور رکھنے والے سجاد علی کا پہلا البم 1979 میں ریلیز ہوا تھا۔

تازہ ترین