• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کی کیٹیگری ٹو چل رہی ہے: ثانیہ نشتر

وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا کہنا ہے کہ احساس ایمرجنسی کیش پروگرام میں کیٹگری ون پر80 فی صد مکمل ہو گیا ہے، کیٹیگری ٹو چل رہی ہے۔

معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے پریس کانفرس میں بتایا کہ اب تک 69 ارب روپے 57 لاکھ خاندانوں میں تقسیم کیے جا چکے ہیں، کیش امداد کے لیے 14 کروڑ 64 لاکھ 2 ہزار 638 ایس ایم ایس موصول ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ 48 ملین ایسے شناختی کارڈ نمبر تھے جو ایک بار سے زائد ایس ایم ایس سے آئے۔

ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ اضلاع کی طرف سے ایس ایم ایس پر شناختی کارڈ نمبر موصول ہوئے، 88 لاکھ شناخی کارڈ ایس ایم ایس فیملی ڈبلیکیشن پر مسترد کیے، 88 ہزار 621 شناختی کارڈ نمبر کی تصدیق نہیں ہو سکی۔

معاون خصوصی نے بتایا کہ تیسری کیٹگری پر جلد کام شروع ہو جائے گا، کیٹگری تھری میں صوبوں کی آبادی کے لحاظ سے کوٹہ مقرر ہے۔

ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں اس سے بڑا سماجی تحفظ کا پروگرام نہیں ہوا، وزیراعظم کی ہدایت ہے کہ پروگرام کو غیر سیاسی اور شفاف رکھا جائے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ پروگرام لاک ڈاون اور مشکل حالات میں چل رہا ہے، مسئلے آتے ہیں مگر یقین دلاتے ہیں ہم کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ شناختی کارڈ کی مدت ختم ہونے والوں کو رقم کی ادائیگی بڑا مسئلہ تھا، اب شناختی کارڈ کی مدت کی شرط ختم کر دی ہے، اس وقت فنگر پرنٹس کا بھی مسئلہ درپیش آرہا ہے۔

تازہ ترین