مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے دماغ کے خلل کے باعث اپوزیشن حکومت کے ساتھ نہیں چل سکتی، جبکہ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ کورونا کی بڑھتی وباء پر سنجیدگی کی ضرورت ہے، جبکہ کورونا وائرس کے لئے حکومتی اقدامات ناکافی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہبازشریف نے اسٹیٹ بینک سے بلاسود قرضے فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔
رہنما ن لیگ نے کہا کہ حکومت میڈیا کے لئے بھی پیکچ کا اعلان کرے، صحافی کورونا پر فرنٹ لائن پر کردار ادا کر رہے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت نے سازش کے تحت میڈیا کو کمزور کیا اور اب حکومت صرف سوشل میڈیا پر چل رہی ہے۔
ترجمان ن لیگ نے کہا کہ حکومت نیب نیازی گٹھ جوڑ کرکے فکس میچ کھیل رہی ہے اور حکومت نیب کے دفتر میں موجود ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور شریف خاندان 40 سال سے حساب دے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سچ بولنے والےصحافی پر مضحکہ خیز مقدمہ بنا دیا جاتا ہے، جبکہ مضحکہ خیز مقدمات کا حکومت کے پاس جواب نہیں ہے اور 18 ماہ سے میڈیا کو دبانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت سازش کے ذریعے میڈیا کو کمزور کررہی ہے، تاہم اگر میڈیا سچ بولے تو آواز دبانے کے لئے میر شکیل الرحمٰن جیسا حال ہوتا ہے۔