پاکستان کے سب سے بڑے میڈیا گروپ جنگ اور جیو کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے خلاف شدید بارش میں رمضان کے پہلے روزے کے موقع پر بھی جنگ بلڈنگ راولپنڈی کے باہر جنگ اور جیو کے کارکنوں سمیت سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد اور اخبار فروش یونین کے کارکنوں نے احتجاج کیا۔
احتجاج کرنے والے شرکا نے میر شکیل الرحمٰن کے حق میں اور نیب کے خلاف زور دار نعرے لگائے۔
شرکاء سے خطاب کے دوران مقررین کا کہنا تھا کہ نیب نے اپنی جعلی کارروائیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے میر شکیل الرحمٰن کو حراست میں لیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس کا مقصد میڈیا کے سب سے بڑے گروپ کے ایڈیٹر انچیف پر دباؤ ڈال کر نیب اور حکومت اپنے مقاصد حاصل کرسکیں مگر تاریخ گواہ کہ جنگ گروپ نے کبھی دباؤ برداشت نہیں کیا اور ہمیشہ حق و سچ کا علم بلند رکھا۔