• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سر، پیٹ درد اور گلا خراب کا گھریلو علاج

رمضان المبارک کے دوران اکثر اوقات روزہ کھولنے کے بعد سر درد، پیٹ درد کی شکایت رہنے لگتی ہے، افطار و سحر کے دوران ٹھنڈے مشروبات کے استعمال سے گلے کا خراب ہو جانا ایک عام سی بات ہے، ان سب کا حل آپ کے کچن میں موجود ہے۔

رمضان کے دوران کھانسی، گلے کی خراشوں اور زکام سے کیسے بچا جائے ؟

کھانسی، گلے کی خراشوں سے بچنے کے لیے نمک، نیم گرم پانی  سے غرارے کریں.

اگر آ پ کو کھانسی اور گلے میں خراشوں کی شکایت ہو گئی ہے تو ایسے میں نیم گرم پانی میں نمک ملائیں اور اس سے غرارے کریں، غرارے کرتے ہوئے پانی نگلیں نہیں، رات کو سونے سے پہلے یہ عمل کریں، اس سے گلے کی خراشوں میں آرام آئے گا، اگر گلا خراب نہیں ہے تو بھی اس عمل کو کر سکتے ہیں، اس سے کھانسی اور گلا خراب ہونے سے خود کو بچایا جا سکتا ہے۔

بھاپ لیں

 اس رمضان کووڈ 19 کے پیش نظر معالجین عام دنوں میں بھی بھاپ لینے کی تجویز دے رہے ہیں، ٹھنڈے پانی کے استعمال سے اگر آپ کو کھانسی اور زکام ہو جانے کا خدشہ ہو تو خود کو ایسی صورتحال سے بچانے کے لیے بھاپ لیں، بھاپ لینے سے آپ خود کو کھانسی یا زکام ہونے سے بچا سکتے ہیں ۔

بھاپ لینے کے لیے آدھا پتیلا ڈھکن سے ڈھانپ کر پانی گرم کریں، اب خود پر تولیہ اوڑھ کر بیٹھ جائیں اور پتیلے کے ڈھکن کو آہستہ آہستہ ہٹائیں اور لمبے لمبے سانسوں کے ذریعے بھاپ لیں ۔

پیٹ درد، بد ہضمی کی شکایتیں ان اجزا کے استعمال سے دور کریں: 

ادرک کی چائے پئیں

رمضان کے شروع ہوتے ہی ہماری کھانے پینے کی روٹین اچانک اور یکسر بدل جاتی ہے، ایسے میں بد ہضمی، پیٹ درد، متلی کی شکایت ہو جاتی ہے، افطار کے بعد ادرک کی چائے پی لی جائے تو اس بد ہضمی اور پیٹ درد سے بچا جا سکتا ہے ۔

ایک انچ ادرک کا ٹکرا لیں، اسے 2 سے 3 کپ پانی میں ابال لیں، اس چائے کے استعمال سے آپ کے پیٹ درد کی سب ہی شکایات دور ہو جائیں گی، ادرک کی چائے متلی کے لیے نہایت موزوں ہے۔

کیمومائل چائے

کیمومائل ایک پھول کا نام ہے، اس پھول کی چائے مختلف برینڈ کے نام سے مارکیٹ میں باآسانی دستیاب ہے، کیمومائل چائے پینے سے پیٹ کے درد میں آرام سمیت سر درد میں سکون ملتا ہے۔

پودینے کی چائے

پودینے کی چائے راحت بخش بھرا احساس جگاتی ہے، اگر افطار میں آپ مرغن غذاؤں کے استعمال کے عادی ہیں تو اس چائے کے استعمال سے آپ خود کو بہت ہلکا محسوس کریں گے، پودینے کی چائے کے استعمال سے کھانا جلد ہضم ہو جاتا ہے، بد ہضمی کی شکایت ہے تو پودینے کی چائے کے استعمال کو اپنا معمول بنا لیں، یہ متلی سے بھی نجات دلاتی ہے ۔

سر درد  سے بچنے کے لیے مندرجہ ذیل طریقے اپنائیں:

سر درد کے خاتمے کے لیے دوا کے استعمال سے پہلے مندرجہ ذیل گھریلو علاج کو آزما لیں، یقیناً آ پ کو فائدہ ہوگا اور دوا لینے سے بچ جائیں گے ۔

سر درد کی شکایت میں لیوینڈر آئل کا استعمال

لیوینڈر پودے کے اگر پتے دستیاب ہوں تو ان کی چائے بنا کر پینے سے سر درد میں فوری آرام آتا ہے، لیوینڈر کا تیل مارکیٹ میں با آسانی دستیاب ہے، لیوینڈر کے تیل کو ماتھے پر لگانے اور اسے سونگھنے سے سر درد منٹوں میں ختم ہو جاتا ہے ۔

برف کا استعمال کریں

برف کا ایک کیوب لیں، اسے اپنے پورے چہرے پر ملیں، برف کے کیوب کے ختم ہونے تک آپ کا سر درد بھی ختم ہو جائے گا۔ 

تازہ ترین