• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زاہد احمد نے ناک کی سرجری کیوں کروائی؟

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار زاہد احمد نے سوشل میڈیا پر اپنے مداحوں کو اپنی ناک کی سرجری کے پیچھے کی کہانی بیان کردی۔

زاہد احمد نے اپنی یوٹیوب ویڈیو میں کہا کہ ’میرا یوٹیوب چینل کھولنے کا مقصد یہ تھا کہ میں یہاں آپ سے جو بھی کہوں گا وہ سچ کہوں گا اور اِسی بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے آج میں آپ کو اپنی زندگی کی ایک تلخ حقیقت سے آگاہ کر رہا ہوں کیونکہ مجھ سے بہت لوگوں نے اِس بارے میں پوچھا ہے تو میں نے سوچا کہ اِس یوٹیوب چینل کے ذریعے میں اُن سب کو اور آپ کو اِس کے بارے میں بتاؤں۔‘

اداکار نے کہا کہ ’مجھ سے سوال کیا جاتا ہے کہ تُم نے اپنی ناک کی سرجری کیوں کروائی؟ تمہاری ناک پہلے تو ایسی نہیں تھی، اب ایسی کیوں ہوگئی؟ آخر اِس کے پیچھے کیا وجہ تھی؟‘

زاہد احمد نے کہا کہ ’یہ کچھ سال پہلے کی بات ہے جب میں اللّہ تعالیٰ کے بارے میں سوچتا تھا اور اپنی زندگی کی سچائی کو جاننا چاہتا تھا۔ اُس وقت میں بہت ساری چیزوں سے غافل بھی تھا اور سب سےزیادہ غفلت میں نے اِس چیز میں دِکھائی کہ مجھ پر اللّہ تعالیٰ کے اتنے زیادہ احسانات ہونے کے باوجود میں نے اُس کی ناشُکری کی اور ایک بہت بڑا گناہ کر بیٹھا۔‘

اداکار نے اپنی ناک کی سرجری کے پیچھے کی کہانی سُناتے ہوئے کہا کہ ’جب میں شوٹ پر ہوتا تھا تو مجھے اپنی کارکردگی میں کچھ مسائل نظر آتے تھے جب کیمرہ ایک خاص زاویے پر آتا تھا تو مجھے ایسا لگتا تھا کہ میری ناک کی بائیں جانب دائیں جانب سے مختلف ہے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’میں یہ دیکھ کر ایک کشمکش میں مبتلا ہو جاتا تھا اور اپنے ڈائیریکٹر سے درخواست کرتا تھا کہ مجھے اِس زاویے سے شوٹ نہ کروایا کریں جس پر ڈائیریکٹر صاحب کہتے تھے کہ تم اپنی پرفارمنس پر توجہ دو فضول چیزوں کو نہیں سوچو۔‘

زاہد احمد نے کہا کہ ’میں نے کسی کی نہیں سُنی اور اپنی ناک کی سرجری کروالی، سرجری کروانے کے بعد ڈاکٹر نے مجھے 6 ماہ تک احتیاط کرنے کا کہا کیونکہ ناک بہت نازک ہوتی ہے اس لیے اس کی بہت دیکھ بھال بھی کرنی پڑتی ہے۔‘

اداکار نے کہا کہ ’سرجری کے بعد میں نے اپنی ناک کی ٹھیک سے احتیاط نہیں کی اور کیونکہ اللّہ بھی مجھ سے ناراض تھا تو اس کا یہ نتیجہ نکلا کہ میری ناک کی سرجری کامیاب نہ ہوسکی، جس کے بعد میں نے دوبارہ علاج کروایا تب کہیں ایک سال میں جا کر میری ناک ٹھیک ہوئی ہے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’میرا یہ ویڈیو بنانے کا مقصد آپ سب کو بتانا ہے کہ اگر آپ اپنے اندر نقص نکالتے ہیں تو آپ غلطی پر ہیں آپ کو چاہیے کہ آپ اُن تمام نعمتوں کا شُکر ادا کریں جو اللّہ نے آپ کو دی ہیں۔‘

زاہد احمد نے کہا کہ ’جتنا زیادہ ہوسکے اپنے رب کا شُکر اداکریں ورنہ میرا حال آپ سب کے سامنے ہے لیکن میں اللّہ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ اُس نے میری عزت رکھی اور مجھے کسی بڑے نقصان سے بچا لیا۔‘

واضح رہے کہ زاہد احمد کو پاکستان ڈراما انڈسٹری میں قدم رکھے ابھی کچھ ہی عرصہ ہوا ہے اور اِس کم عرصے میں اُنہوں نے اپنی کارکردگی سے اپنے مداحوں کے دِلوں میں اپنی جگہ بنالی ہے۔

تازہ ترین