• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا کیلئے ملنے والی عالمی امداد کی منصفانہ تقسیم ضروری ہے، بلاول بھٹو

کورونا کیلئے ملنے والی عالمی امداد کی منصفانہ تقسیم ضروری ہے، بلاول بھٹو 



کراچی (اسٹاف رپورٹر)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ کورونا کی مد میں ملنے والی عالمی امداد کی منصفانہ تقسیم ضروری ہے،وزیراعظم کو پورے ملک کے سربراہ کے طور پر خود کو آگے لانا ہوگا۔این ایف سی کی مد میں سندھ کے حصے میں کٹوتی نہیں ہونے دیں گے، وفاقی حکومت آئی ایم ایف، ورلڈ بینک، جی 20 ممالک سمیت مختلف مالیاتی اداروں سے ملنے والے ریلیف کا فائدہ بھی صوبوں کو دے، وفاق صوبوں کے فنڈز میں کٹوتی کا سوچنے کی بجائے اپنے اخراجات کم کرکے اضافی پیسے صوبوں کو دے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے پارٹی کی معاشی کمیٹی کے ویڈیو لنک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں میاں رضا ربانی، نوید قمر، شازیہ مری، چوہدری منظور اوردیگرنے شرکت کی۔ پیپلز پارٹی نے وفاقی حکومت کے معاشی ریلیف پیکیج کو ناکافی قرار دیتے ہوئے بےروزگاروں کیلے رقم 12ہزار سے بڑھا کر کم سے کم اجرت کے تحت 17500کرنے کامطالبہ کیا۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ غیر معمولی صورتحال میں وفاق کا فرض ہے کہ وہ صوبوں کی مدد کرے،پوری دنیا میں صوبوں کی مدد کیلے وفاقی حکومتیں اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہیں۔ وفاق تمام صوبوں کی صحت کی سہولیات میں اضافہ کرے۔نوید قمرنے پارٹی چیئرمین کوبتایا کہ حکومت بیرونی امداد کوذاتی سامان سمجھ کر اپنی مرضی سے تقسیم کررہی ہے۔جس پربلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ کورونا کی مدد میں ملنے والی عالمی امداد کی منصفانہ تقسیم ضروری ہے،اٹھارویں ترمیم پر یہ کہہ دینا کہ صحت صوبوں کی ذمہ داری ہے صحیح نہیں صوبے اپنی استطاعت سے ذیادہ کام کررہے ہیں ۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ غیر معمولی صورتحال میں پوری دنیا میں وفاقی حکومتیں صوبوں کو مدد کررہی ہیں۔انہوں نےچھوٹے تاجروں کیلے ریلیف پیکیج ٹیکسوں میں چھوٹ، آسان شرائط پر قرضہ اور دیگر مراعات دینے کا مطالبہ کیا۔

تازہ ترین