• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیصل ایدھی کا دوسرا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت


سماجی رہنما اور ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کا کورونا وائرس کا دوسرا ٹیسٹ بھی مثبت آ گیا۔

ترجمان ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق فیصل ایدھی کا کورونا وائرس کا یہ دوسرا ٹیسٹ گزشتہ روز کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ فیصل ایدھی کا اسلام آباد میں 21 اپریل کو کیا گیا کورونا وائرس کا پہلا ٹیسٹ بھی مثبت آیا تھا جس کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ میں محدود کر لیا تھا۔

فیصل ایدھی کے صاحبزادے سعد ایدھی نے اپنے والد میں کورونا ٹیسٹ کے مثبت آنے کی تصدیق کی تھی اور یہ بتایا تھا کہ اسلام آباد میں، میں بھی ان کے ساتھ ہوں۔

ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے اس حوالے سے بتایا تھا کہ اسلام آباد میں 16 اپریل کو سر درد اور بخار محسوس ہوا تھا، 2 روز تک یہی علامات رہیں تو دوستوں نے کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرانے کا مشورہ دیا، جبکہ ڈاکٹر نے ایک ہفتے تک آئسولیشن میں رہنے کی ہدایت کی تھی۔

یہ بھی پڑھیئے: فیصل ایدھی کورونا کا شکار ہو گئے

فیصل ایدھی کراچی سے لاہور گئے تھے، انہوں نے 15 اپریل کو اسلام آباد میں وزیرِ اعظم عمران خان سے ملاقات کی تھی جس کے دوران انہیں کورونا ریلیف فنڈ کے لیے عطیہ دیا تھا۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے چونکہ فیصل ایدھی سے ملاقات کی تھی اس لیے خدشے کے پیشِ نظر ڈاکٹروں کے مشورے پر انہوں نے بھی اپنا کورونا ٹیسٹ کرایا تھا تاہم وزیرِ اعظم کا کورونا ٹیسٹ نیگیٹیو آیا۔

بعد میں سعد ایدھی نے اپنا اور اسلام آباد ایدھی سینٹر کے عملے کا کورونا کا ٹیسٹ کرایا تھا، ان سب کے ٹیسٹ منفی آئے تھے۔

تازہ ترین