کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کراچی سمیت سندھ بھر میں جمعے کو مختصر مگر سخت و مکمل لاک ڈاؤن کیا گیا۔
سندھ بھر میں کیے گئے لاک ڈاؤن کے دوران 12 بجے دوپہر سے ساڑھے 3 بجے تک ساڑھے 3 گھنٹے گھر سے نکلنے کی ممانعت تھی، اس دوران وہ کاروبار بھی بند رہے جنہیں استثنیٰ دیا گیا ہے۔
مساجد میں نمازِ جمعہ کے اجتماعات میں بھی محدود تعداد میں نمازی شریک ہوئے، لاک ڈاؤن میں سختی کے سبب گاڑیوں کو سڑکوں پر آنے نہیں دیا گیا۔
کراچی میں لاک ڈاؤن کا آج چالیسواں روز ہے، جمعے کے دن کی مناسبت سے شہر میں 12 بجے سے ساڑھے 3 بجے تک لاک ڈاؤن رہا۔
اس دوران شہر کی مختلف شاہراہوں پر پولیس اور رینجرز کی نفری تعینات رہیں، جب کہ مساجد میں 3 سے 5 افراد کو نماز پڑھنے کی اجازت دی گئی۔
مرکزی مساجد اور جامع مساجد میں نماز کے دوران مسجدیں بند رہیں تاہم گلی محلوں کی چھوٹی مساجد میں جمعے کی نماز باجماعت ادا کی گئی۔
مختصر لاک ڈاؤن کے دوران کراچی سمیت سندھ بھر کی تمام مارکیٹس، دکانیں، اسٹورز اور کھانے پینے کے ٹھیلے بند رہے۔
یہ بھی پڑھیئے: سندھ میں آج 12 سے ساڑھے 3 بجے تک سخت لاک ڈاؤن
شہر میں ساڑھے تین بجے کے بعد ساڑھے چھ بجے تک لاک ڈاؤن میں نرمی رہے گی۔
دوسری جانب کراچی بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈبل سواری کی خلاف ورزی کرنے پر 483 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔