وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں 622 کورونا کے نئےکیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور مزید 6 مریض اس وباء کے خلاف جنگ میں جان کی بازی ہار گئے ہیں۔
کورونا وائرس سے متعلق روزانہ کی بنیاد پر وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے دیئے جارہے پیغام میں سید مراد علی شاہ نے گزشتہ 24 گھنٹوں کی صورتحال سے آگاہ کیا اور بتایا کہ صوبے میں آج 3384 ٹیسٹ کئے تھے ۔
انہوں نے بتایا کہ صوبے میں اس وقت تک 57761 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں ،جن میں سے 6675 کیسز مثبت آئے ہیں، جبکہ صرف آج کے دن میں 73 مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو چلے گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبے میں اس وباء سے ابھی تک 1295 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں، جبکہ آج 6 مریض کورونا کے خلاف جنگ میں زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔
سید مراد علی شاہ نے بتایا کہ سندھ میں کورونا کے باعث مرنے والوں کی تعداد 118 ہوگئی ہے جو کہ کل مریضوں کا 1.76 فیصد ہے، اس کے علاوہ کُل زیرعلاج مریضوں کی تعداد 5262 ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ 4044 افراد گھروں میں زیرعلاج ہیں، 733 آئیسولیشن مراکز جبکہ اسپتالوں میں 485 مریض زیر علاج ہیں۔
انہوں نے آگاہ کیا کہ صوبے میں 45 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جن میں 16 وینٹی لیٹرز پر ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بتایا کہ 28 اور 29 اپریل کو 3 فلائٹس دبئی، شارجہ اور کولمبو سے 483 تارکین وطن کو واپس لائی ہیں، ان سب کے ٹیسٹ کیے گئے اور نتیجے میں 190 مثبت آئے ہیں جو تقریباً 40 فیصد بنتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان 190 مثبت کیسز میں 92 کا تعلق سندھ، 56 پنجاب، 24 کے پی کے اور 18 بلوچستان سے ہے ۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کراچی میں 446 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، انہوں نے عوام سے درخواست کی ہے کہ خدارہ احتیاط کریں۔