• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وسیم اکرم، بابراعظم خواتین کرکٹرز کو آن لائن ٹپس دیں گے

پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کے لیے لیجنڈری فاسٹ بولر وسیم اکرم اور کپتان قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم بابراعظم کے آن لائن سیشنز کا اہتمام کیا ہے، ان سیشنز کا مقصد خواتین کھلاڑیوں کواعلیٰ پائے کے کرکٹرز سے کھیل کے گُر سیکھانا اورکووڈ 19 لاک ڈاؤن کے دوران ان کی توجہ کھیل پر برقرار رکھنے میں مدد دینا ہے۔

35 خواتین کرکٹرز پر مشتمل ان سیشنز کا انعقاد ویڈیو کانفرنس کال کے ذریعے کیا جائے گا، جس میں قومی خواتین کرکٹرز کو مختلف حالات میں جامع حکمت عملی اپنانے سے متعلق ٹپس فراہم کی جائیں گی۔

آئی سی سی ہال آف فیم کے رکن اور پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے فاسٹ باؤلر وسیم اکرم، قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں کو اپنے 18 سالہ طویل بین الاقوامی کرکٹ کیرئیر سے حاصل ہونے والے تجربات سےآگاہ کریں گے، یہ سیشن پیر کے روز منعقد کیا جائے گا، وسیم اکرم گزشتہ ہفتے مینز کرکٹرز کے ساتھ بھی ایسے ہی ایک سیشن میں شرکت کرچکے ہیں۔

اس دوران ٹی ٹوئنٹی عالمی رینکنگ میں پہلے، ایک روزہ کرکٹ میں تیسرے اور طویل طرز کی کرکٹ میں دنیا کے پانچویں بہترین بلے باز، بابراعظم بھی خواتین کرکٹرز کو مختلف کنڈیشنز اور حالات میں بلے بازی سے متعلق گُر سیکھائیں گے۔

قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی آل راؤنڈر عالیہ ریاض کا کہنا ہےکہ وہ وسیم اکرم کی ویڈیوز دیکھ دیکھ کر بڑی ہوئی ہیں اور وہ بخوبی جانتی ہیں کہ وسیم اکرم نے اپنی عمدہ باؤلنگ اور بیٹنگ سے پاکستان کو کئی میچوں میں کامیابی دلائی۔

انہوں نے کہا کہ ماضی کے عظیم کرکٹر سے کھیل کے بارے میں جاننے کا یہ بہترین موقع ہے اور وہ اس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گی، عالیہ ریاض نے کہا کہ آن لائن سیشن ان کے لیے یہ جاننے کا نادر موقع ہوگا کہ وسیم اکرم کیسےدوسروں سے منفرد کھلاڑی بنے۔

قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی بیٹر عمیمہ سہیل کا کہنا ہے کہ بابراعظم ایک اعلیٰ بلے باز ہیں جن کی آن لائن ٹپس سے ہمیں اپنی بیٹنگ کی صلاحیتوں میں نکھار لانے کا موقع ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ وہ بابر اعظم سے مشکل صورتحال میں اننگز کا پر اعتماد آغاز اور پھر اسے لمبی اننگز میں تبدیل کرنے کا فن سیکھنا چاہیں گی، یقین ہے کہ یہ سیشن اس حوالے سے مؤثر ثابت ہوگا۔

چیف سلیکٹر قومی خواتین کرکٹ ٹیم  عروج ممتاز نے کہا  کہ یہ انتہائی ضروری ہے کہ کرکٹ کی سرگرمیوں کے تعطل کے دوران کرکٹرز کی توجہ کھیل پر مرکوز رہے، انہوں نے کہا کہ یہ سیشنز قومی خواتین کرکٹرز کے لیے کھیل میں نکھار لانے کا بہترین موقع ہے۔

عروج ممتاز نے کہا کہ ہم کھلاڑیوں کو مصروف رکھنے کے لیے مختلف آئیڈیاز پر غور کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ تمام خواتین کرکٹرز مینجمنٹ اور بورڈ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور وہ اس دوران اپنے آپ کو اس انداز میں تیار کر رہی ہیں کہ جیسے ہی لاک ڈاؤن ختم ہو تو وہ کھیل کے لیے تیار ہوں۔

چیف سلیکٹر نے کہا کہ قومی خواتین کرکٹرز فراہم کردہ پلانز کے مطابق اپنی فٹنس پر کام کر رہی ہیں جبکہ یہ آن لائن سیشنز انہیں اسکلز میں نکھار کا موقع فراہم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک نے کئی عظیم کرکٹرز پیدا کیے ہیں اور ہم کھلاڑیوں کے آن لائن لیکچرز کے لیے ان کی دستیابی کو پیش نظر رکھ کر انہیں دعوت دیتے رہیں گے۔

تازہ ترین