• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بینظیر انکم سپورٹ فنڈ حاصل کرنیوالے 94 اعلیٰ افسران کیخلاف فوجداری مقدمات قائم ہونگے ،شہزاد اکبر

اسلام آباد(سہیل خان) بےنظیر انکم سپورٹ فنڈ حاصل کرنیوالے94اعلیٰ افسران کیخلاف فوجداری مقدمات قائم ہونگے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ 17 سے 20گریڈ کے افسران نے 1 کروڑ 8 لاکھ روہے واپس کیے جو قومی خزانے میں جمع کیے جائینگے ۔ تفصیلات کے مطابق، وفاقی حکومت نے بےنظیر انکم سپورٹ فنڈ حاصل کرنے والے 94 اعلیٰ افسران کے خلاف فوجداری مقدمات قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے دی نیوز کو بتایا ہے کہ 17 سے 22 گریڈ کے ان افسران نے 1 کروڑ 8 لاکھ روہے واپس کیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں مختلف محکموں کے ان افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی، حکومت نے 924 افسران کی شناخت کی ہے جب کہ ایف آئی اے جو کہ معاملے کی نگرانی کررہی ہے اس نے 94 افسران اور گھروالوں کو طلب کیا، جنہوں نے اعتراف جرم کرتے ہوئے ایک کروڑ آٹھ لاکھ روپے واپس کیے جو کہ بی آئی ایس پی سے حاصل کیے تھے۔ لیکن معاملہ یہاں ختم نہیں ہوگا بلکہ انکوائری مکمل ہونے کے بعد قانون کے مطابق مقدمات قائم کیے جائیں گے اور ایف آئی آر درج کرکے خصوصی عدالت میں مقدمہ لے جایا جائے گا۔ شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ ان افسران میں سے 59 کا تعلق خیبر پختون خوا سے، 26 کا پنجاب سے ، 5کا سندھ ، 2 کا بلوچستان اور 2 کا وفاقی محکموں سے ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بی آئی ایس پی سے مستفید ہونے والے تقریبا 2221 افراد کی شناخت ہوئی ہے۔ اس حوالے سے صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور وفاقی محکموں کے سربراہان کو سختی سے تاکید کی گئی ہے کہ وہ رقم بازیابی کے لیے ہرممکن اقدامات کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب تک بازیاب کی گئی رقم وفاقی حکومت کی ہے اس لیے اسے قومی خزانے میں جمع کیا جائے گا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کسی بھی ملزم کے ساتھ رعایت نہیں کی جائے گی۔ واضح رہے کہ جنوری میں حکومت نے 2037 سرکاری افسران کے نام جاری کیے تھے جنہوں نے غیر قانونی طور پر خود یا اپنے گھر والوں کو بی آئی ایس پی میں رجسٹرڈ کیا تھا۔ شہزاد اکبر نے پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ 2037 میں سے 100 افسران 17 سے 22 گریڈ کے ہیں جنہوں خود یہ رقوم حاصل کیں جب کہ 1937 افسران ایسے تھے جنہوں نے اپنے گھروالوں کو یہ رقوم دلوائیں۔
تازہ ترین