• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور، شہریوں نے بازاروں میں حفاظتی تدابیر کی دھجیاں بکھیر دیں

پشاور(احتشام طورو وقائع نگار ) شہرکے تجارتی مراکز سے لیکر گلی محلوں کی دکانوں تک حفاظتی تدابیر کو یکساں نظر انداز کئے جانے کا خطرناک سلسلہ بدستور جاری ہے ہشتنگری ، فردوس ، گڑ منڈی ، سبزی منڈی ، رامدا س چوک ، نوتھیہ ، سکندر پورہ ، سمیت شہر کے مختلف بازاروں میں شہریوں کی لائنیں لگ گئی ہیں احتیاط اب نہ ہونے کے برابر رہ گئی ہے جبکہ دکانوں ، بازاروں میں سماجی فاصلہ صرف نام کی حد تک ہے بہت کم شہری ماسک اور گلوز پہن کر شاپنگ کیلئے آتے ہیں سبزیوں اور پھلوں کی دکانوں ، ریڑھیوں ،کریانہ سٹور پر دن بھر رش جبکہ سحری تک دودھ اور نانبائیوں کی دکانوں میں حفاظتی تدابیر کی دھجیاں بکھیر دی گئی ہیں ، اس حوالے حلال فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں کی موجودگی نہ ہونے کے برابر ہے جس کی وجہ سے دکاندار لاپرواہی سے کام لے رہے ہیں سماجی حلقوں نے خیبر پختونخوا حلال فوڈ اتھارٹی کی جانب سے اس نازک صورت حال میں بازاروں میں موجود نہ ہونا ادارے کی کارکردگی پر سوالیہ نشان قرار دیا ہے انہوں نے کہا کہ گذشتہ دو سال میں ادارے نے حفاظتی اقدامات پر زور دیا ہے لیکن جب عملی طور پر کام کرنے کی ضرورت پیش آئی تو ادارے کا عملہ غائب ہے ۔انہوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ موجودہ حالات میں حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کیلئے خیبر پختونخوا حلال فوڈ اتھارٹی کو احکامات جاری کئے جائیں تاکہ مذکورہ ادارے کا عملہ کورونا سے بچائو کے اقدامات کے حوالے سے بازاروں کو چیک کرے۔
تازہ ترین