• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب جھوٹ بول رہا ہے، شہباز شریف تمام تفصیلات پہلے ہی دے چکے، ن لیگ

نیب جھوٹ بول رہا ہے، شہباز شریف تمام تفصیلات پہلے ہی دے چکے، ن لیگ


لاہور(نمائندہ جنگ/جنگ نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے کہا ہے کہ نیب جھوٹ بول رہا ہے، شہباز شریف تمام تفصیلات پہلے ہی دے چکے، آٹا چینی چوروں سے کیوں نہیں پوچھا جاتا۔ 

ان خیالات کا اظہار مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب،ڈپٹی جنرل سیکرٹری عطا اللہ تارڑ اور پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری نے پریس کانفرنس میں کیا۔

ن لیگ کے رہنمائوں نے مطالبہ کیا کہ نیب کی جانب سے سوال عوام کے سامنے کئے جائیں،جو سوال شریف فیملی سے کئے گئے وہ عمران خان، چیئرمین نیب اور عثمان بزدار سے بھی کئے جائیں،آٹا اور چینی چور بھی نیب کے سامنے پیش ہوں۔

نیب نیازی گٹھ جوڑ دو سال سے جاری ہے اورایک تماشا لگایا ہوا ہے،شہباز شریف نے پہلے دو نوٹسز میں تمام تفصیلات نیب کو فراہم کردی تھیں،ڈاکٹرز کے سرٹیفکیٹس بھی نیب کو دیئے گئے جس میں شہباز شریف کو کورونا میں انتہائی احتیاط برتنے کی تاکید کی گئی۔

نیب کے مختلف کیسز میں اربوں اور کھربوں کے الزامات کو مسترد کرتے ہیں، آج پوچھ رہے ہیں وراثت میں کتنی جائیداد ملی ہے، نیب میں کیا ہوا اسے بے نقاب کرنا چاہتے ہیں۔

شہباز شریف سے سوال ہوا کہ آپ اپنے بچوں کی گاڑی میں آئے ہیں تو کیا تانگے پر جاتے،منی لانڈرنگ پر ایک بھی سوال نہیں پوچھا گیا۔ 

انہوں نے کہا کہ نیب ایف بی آر سے تمام تفصیلات لے چکا ہے ،سوال کیا گیا کہ پارٹی فنڈز کہاں سے آئے ،نیب صرف نواز شریف، شہباز شریف اور (ن) لیگ کے کیس دیکھتا ہے اسے عمران خان کے فیسز اور کیسز نظر نہیں آتے۔

تازہ ترین