• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعود شکیل، شاہین آفریدی کا پی ایس ایل ٹرافی کے ساتھ فوٹو سیشن

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 ٹرافی کے ساتھ فائنلسٹ ٹیموں کے کپتانوں سعود شکیل اور شاہین آفریدی کا فوٹو سیشن ہوگیا۔

لاہور قلندرز کے شاہین آفریدی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سعود شکیل نے پی ایس ایل ٹرافی کے ساتھ تصاویر بنوائیں، فائنل کل (اتوار) شام ساڑھے 7 بجے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

پی سی بی نے فائنل میچ کےلیے 26 مئی کو ریزرو ڈے رکھا ہے، ٹرافی فوٹو سیشن کے بعد شاہین شاہ آفریدی اور سعود شکیل نے میڈیا سے گفتگو کی۔

29 سالہ سعود شکیل نے کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کپتانی میرے لیے باعث فخر ہے، کوشش کریں گے پی ایس ایل کی ٹرافی اپنےنام کریں۔

انہوں نے کہا کہ قذافی اسٹیڈیم ہمارے لیے لکی رہا ہے، یہاں 6 میں سے 5 میچ جیتے، مشکل حالات میں متعدد کھلاڑیوں نےعمدہ کارکردگی دکھائی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان نے مزید کہا کہ لاہور قلندرز کے خلاف فائنل سنسنی خیز ہوگا، شائقین کو زبردست مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔

شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ پچھلے 4 ایڈیشنز میں تیسری بار فائنل کھیل رہے ہیں، ہمارا مقصد تیسری مرتبہ ٹرافی جیتنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹیم نے پریشر میں شاندار کارکردگی دکھائی، کھلاڑیوں نے ہر مرحلے پر اچھا رسپانس دیا ہے۔

لاہور قلندرز کے کپتان نے یہ بھی کہا کہ بیٹنگ، بولنگ جارحانہ ہیں، جو کسی بھی چیمپئن ٹیم کی علامت ہے، قذافی اسٹیڈیم میں فتوحات کا تسلسل جاری رکھنے کی کوشش کریں گے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید