لاہور(نیوزرپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ میرے علم کے مطابق اٹھارہویں ترامیم کے معاملے پر حکومت نے تاحال مسلم لیگ (ن) سے کوئی رابطہ نہیں کیا،اٹھارہویں ترمیم تبدیل کرنے کے حق میں ہیں نہ حکومت نے رابطہ کیا، کچھ لوکچھ دو کا تاثر نہیں ہونا چاہیے ،نیب قانون ،معیشت،ریاستی امور ایک ساتھ نہیں چل سکتے،اٹھارویں ترامیم اور نیب قانون کا آپس میں کوئی تعلق نہیں اس لئے اس معاملے پر کچھ لو اور کچھ دو کا تاثر نہیں ہونا چاہیے ، نیب قوانین میں تبدیلی مسلم لیگ (ن) کا نہیں بلکہ قومی مسئلہ ہے ۔ احتساب عدالت لاہور میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اگر اٹھارویں ترامیم میں تبدیلی کا معاملہ ہوا تو کوئی سیاسی جماعت یا حکومت اسے یقینی طو رپر پارلیمنٹ لائے گی۔ آئین انسان کا بنایا ہوا قانون ہے اس میں ترمیم کی ضرورت ہو تو بات کی جاسکتی ہے، آئین میں ترمیم ایک دن کا مسئلہ نہیں، اٹھارویں ترمیم بھی ایک دن یا مہینے میں نہیں ہوئی۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ نیب کا قانون ،معیشت اورریاستی امور ایک ساتھ نہیں چل سکتے چاہے حکومت جس کی بھی ہو ۔