بھارت کی معروف ترین جوڑی انوشکا شرما اور ویرات کوہلی اپنے عزیز از جان پالتو کتے’برونو‘ کےمرنے پر غمزدہ ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی نے ’برونو‘ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں سے اس کے مرنے کی خبر شیئر کی۔
ویرات کوہلی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ہمارے ساتھ 11 سال خوش و خرم زندگی گزارنے والا برونو آج دنیا سے جانے کے بعد یقیناً ایک بہترین مقام پر ہے۔
انہوں نے یہ بھی لکھا کہ محض 11 سال میں ہی برونو سے ان کا زندگی بھر کا تعلق قائم ہوگیا تھا۔
دوسری جانب بالی ووڈ کی معروف اداکارہ اور ویرات کوہلی کی اہلیہ انوشکا شرما بھی ’برونو‘ کے دنیا سے اچانک چلے جانے پر غمزدہ ہیں۔
دنیا بھر میں تیزی سے پھیلتے جان لیوا کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کے پیش نظر گزشتہ کچھ عرصے سے ممبئی میں موجود ویرات کوہلی اور انوشکا شرما خود ساختہ تنہائی اختیار کئے ہوئے ہیں۔
خود ساختہ تنہائی میں بیزاریت کو دور کرنے کے لئے جوڑی کی جانب سے روزمرہ روٹین کی تصویریں شیئر کی جارہی تھیں جس میں ’برونو‘ بھی ساتھ ساتھ دکھائی دیتا تھا۔
واضح رہے کہ اس جوڑی نے حال ہی میں کورونا کے خلاف جنگ لڑنے والے طبی عملے اور دیگر کارکنوں کے لیے فنڈز اکھٹے کرنے کے لیے ایک آن لائن ڈیجیٹل کنسڑٹ میں حصہ لیا تھا ۔
کنسرٹ کے ذریعے 52 کروڑ روپے سے زائد رقم جمع کی گئی، مشہور شخصیات نے اس کنسرٹ کو کامیاب بنانے پر اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیا تھا۔