• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب کا شاہد خاقان کیخلاف ضمنی ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ


ایل این جی ریفرنس میں قومی احتساب بیورو (نیب) نے شاہد خاقان عباسی کے خلاف ضمنی ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا، نیب نے فردِ جرم کی کارروائی سے پہلے عدالت سے ضمنی ریفرنس دائر کرنے کی مہلت مانگ لی۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں ایل این جی ریفرنس کی سماعت ہوئی، جس کے دوران سابق وزیرِ اعظم اور مسلم لیگ نون کے رہنما شاہد خاقان عباسی کے علاوہ سعید احمد سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔

احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد اعظم خان نے ریفرنس کی سماعت کی۔

شاہد خاقان عباسی کے وکیل نے عدالت میں سوال اٹھایا کہ نیب حتمی ریفرنس دائر کرنے کے حوالے سے بتائے۔

احتساب عدالت کے جج نے استفسار کیا کہ ملزم شاہد الاسلام کے بارے میں بتائیں، وہ کہاں ہے؟

نیب کے تفتیشی افسر نے کہا کہ ملزم شاہد الاسلام بیرونِ ملک روپوش ہے، ریفرنس سے متعلق ریکارڈ کراچی سے آنا ہے، وہ نہیں لایا جا سکا۔

نیب تفتیشی افسر نے مفرور ملزم شاہد الاسلام سے متعلق حتمی رپورٹ عدالت میں پیش کر دی اور شاہد الاسلام کو اشتہاری قرار دینے کی استدعا کر دی۔

نیب رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شاہد الاسلام بیرونِ ملک ہیں، ان کے ٹھکانے کا پتہ نہیں چل سکا، شاہد الاسلام کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کی جائے۔

ایل این جی ریفرنس میں نیب نے شاہد خاقان عباسی کے خلاف ضمنی ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا، نیب نے فردِ جرم کی کارروائی سے پہلے ضمنی ریفرنس دائر کرنے کی مہلت مانگ لی۔

یہ بھی پڑھیئے: شاہد خاقان راہداری ضمانت کیلئے عدالت میں پیش

نیب نے عدالت کو بتایا کہ ضمنی ریفرنس میں شاہد خاقان عباسی کے بیٹے اور فیملی کے خلاف ثبوت شامل ہوں گے، عبداللّٰہ خاقان کے اکاؤنٹس میں ٹرانزیکشن کا ریکارڈ پیش کیا جائے گا۔

نیب نے مزید بتایا کہ ایل این جی ٹرمینل ٹھیکے کے بعد شاہد خاقان کی فیملی کے اکاؤنٹس میں اربوں روپے آئے، سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی کے بیٹے کے اپنے کوئی ذرائع آمدن نہیں تھے ان کے اکاؤنٹ میں بھی رقوم آئیں۔

نیب کے تفتیشی افسر نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ عید کے بعد ضمنی ریفرنس دائر کر دیں گے۔

احتساب عدالت نے نیب کو 11 جون تک ضمنی ریفرنس دائر کرنے کا حکم دے دیا اور مزید سماعت بھی 11 جون تک ملتوی کر دی۔

تازہ ترین