اسلام آباد (نمائندہ جنگ) مسلم لیگ (ن) کے صدر و قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے ادویات اسکینڈل کی شفاف تحقیقات کیلئے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینےکا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے وزیراعظم عمران خان آٹے چینی کی طرح ادویات اسکینڈل کے بھی براہ راست ذمہ دار ہیں،قوم کو لوٹنے والے مجرموں کو کٹہرے میں لایاجائے۔ جمعہ کو ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ بھارت سے ان ادویات کی درآمد کی منظوری کابینہ کے اجلاس میں خود وزیراعظم عمران خان نے دی ہے ، جان بچانے والی ادویات کی آڑ میں دیگر ادویات کی بھارت سے درآمد سنگین جرم ہے،مسلم لیگ (ن) کے دور میں خدانخواستہ یہ ہوا ہوتا تو عمران نیازی اب تک ہمارے خلاف غداری کا مقدمہ درج ہوچکے ہوتے۔