• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا: ملیسا ہارٹ مین اور انکے شوہر کے قتل میں ملوث ملزم گرفتار

تصویر بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
تصویر بشکریہ بین الاقوامی میڈیا

امریکی ریاست منیسوٹا میں دو ریاستی قانون سازوں اور ان کے شریک حیات پر فائرنگ کے واقعے میں ملوث مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔ 

حکام نے اس کارروائی کو ریاست کی تاریخ کا سب سے بڑا سرچ آپریشن قرار دیا ہے، وینس بولٹر کی عمر 57 سال ہے، اس کو دو روزہ بھرپور تلاش کے بعد رامزی کاؤنٹی کے پولیس حکام نے حراست میں لیا، پولیس کے مطابق یہ حملہ سیاسی بنیادوں پر کیا گیا قتل تھا۔

ریاستی ایوانِ نمائندگان کی ڈیموکریٹ رکن ملیسا ہارٹ مین اور ان کے شوہر مارک کو حملے میں قتل کر دیا تھا، سینیٹر جان ہوف مین اور ان کی اہلیہ یویٹ بھی حملے میں زخمی ہوئیں تاہم دونوں کی حالت خطرے سے باہر ہے، حملہ ہفتے کی صبح ہوا اور بعد میں مشتبہ شخص فرار ہو گیا جس کے بعد ریاست بھر میں اس کی تلاش شروع کی گئی۔

حکام کے مطابق 400 سے زائد عوامی ٹپس موصول ہوئیں جس کی مدد سے بولٹر کا پتہ لگایا گیا۔

مشتبہ شخص کی گاڑی سے تقریباً 70 افراد پر مشتمل ہٹ لسٹ ملی ہے۔

 جس میں زیادہ تر ڈیموکریٹک پارٹی کے اراکین اور اسقاط حمل (Abortion Rights) کے حامی افراد کے نام شامل تھے۔

مشتبہ شخص خود کو سیکیورٹی کنٹریکٹر کہتا تھا اور وہ سینیٹر ہوف مین کے ساتھ ایک مقامی ورک فورس بورڈ میں کام کر چکا ہے۔

وینس بولٹر پر دو افراد کے قتل اور دو افراد کے قتل کی کوشش کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

گورنر ٹم والز نے بولٹر کی گرفتاری پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تعریف کی اور کہا آپ نے خطرے کی طرف قدم بڑھایا اور ریاست کی خدمت کی۔

انہوں نے ملیسا ہارٹ مین کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا وہ ہماری اقدار کی اصل روح تھیں، ان کا قتل پوری ریاست کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید