• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اب سے چار دِن بعد جمعۃ الوداع ہے، جس میں جہاں خاص طور پر عبادات کی جاتی ہیں، وہیں افطار پر بھی کچھ اسپیشل اہتمام ہوتا ہے، تاکہ آس پڑوس میں افطار ٹرے بھیجی جاسکے، تو لیجیے، اسی مناسبت کچھ سے تراکیب حاضر ہیں۔

چکن رول

اجزاء:چکن(بون لیس ،اُبال کر ریشے کرلیں) دو کپ،رول پٹّی حسبِ ضرورت، بند گوبھی(کاٹ لیں)آدھی، گاجر(چھوٹے کیوبز میں کاٹ لیں) دو عدد،شملہ مرچ(چھوٹے کیوبز کاٹ لیں)دو عدد،ہری پیاز(کاٹ لیں)ایک عدد،ہری مرچیں (کاٹ لیں) تین عدد،سیاہ مرچ پاؤڈر ایک کھانے کا چمچ،نمک حسبِ ذائقہ، موزریلا چیز (کدّوکش)ایک کپ،سویا ساس ایک کھانے کا چمچ، ہرا دھنیا(کتر لیں)آدھی گڈی،میدہ ایک کھانے کا چمچ،پانی حسبِ منشاء اورتیل ۔

ترکیب:ایک پتیلی میں تیل گرم کرکے اس میں چکن، بند گوبھی، گاجر، شملہ مرچ، نمک اور کالی مرچ ڈال کر بھون لیں۔ اب اس میں سویا ساس، ہری پیاز، ہری مرچیں، موزریلا چیز اور ہرا دھنیا ڈال کر اچھی طرح بھونیں لیں اور چولھا بند کردیں۔ ایک باؤل میں میدہ اور پانی ڈال کر پیسٹ بنالیں۔ اب رول پٹّی لے کر اس پر سبزی والا آمیز ڈال کر اچھی طرح رول کریں۔پھر تھوڑا سا پیسٹ لگا کر دونوں جانب سے رول کا منہ بند کرکے فرائی کرلیں۔

مسالا بَھری مرچیں

اجزاء: میدہ ایک کپ، بڑی ہری مرچیں حسبِ ضرورت، موزریلا چیز(کدّوکش کیا ہوا) حسبِ ضرورت، کالی مرچ(پِسی ہوئی)ایک چائے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، دودھ آدھا کپ، ناز بو ایک کھانے کا چمچ،ڈبل روٹی کا چُورا حسبِ ضرورت اور تیل۔

ترکیب: ہری مرچوں میں کٹ لگا کر ان کے بیج نکال دیں اور ان میں موزریلا چیز بَھر کر رکھ دیں۔ اب ایک پیالے میں میدہ، کالی مرچ، نمک اور دودھ مِکس کرکے گاڑھا ساپیسٹ بنالیں۔ پھر دوسرے باؤل میں ڈبل روٹی کا چُورا اور نازبو اچھی طرح مِکس کرکے رکھ دیں۔ اب موزریلا چیز بَھری مرچیں پہلے دودھ والے آمیزے میں ڈبو کر پھر ڈبل روٹی کے چُورے میں لپیٹ کر فرائی کرلیں۔

( فائزہ افتخار، لاہور)

تازہ ترین