بھارتی لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن کی سُپر ہٹ فلموں کی کبھی نہ ختم ہونے والی فہرست میں سے مشہور زمانہ فلم ’ڈان‘ کو 42 برس مکمل ہوگئے۔
فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر امیتابھ بچن نے اپنی بہترین پرفارمنس سے ہٹ ہونے والی فلم ’ڈان‘سے جڑےکچھ قیمتی لمحات یاد کرتے ہوئے 1991 میں اِس دُنیا سے کوچ کر جانے والی بھارتی اداکارہ نوتن کے ساتھ اپنی ایک یادگار تصویر شیئر کی۔
انسٹاگرام پر شیئر کردہ تصویر کے ساتھ امیتابھ بچن نے لکھا کہ ’میں نے’ڈان‘ میں بہترین اداکاری پر موصول ہونے والا اپنا فلم فیئر ایوارڈ ’ڈان‘ کے پروڈیوسر ’نریمن ایرانی ‘ کے نام کردیا تھا جو ایک حادثے میں ہلاک ہوگئے تھے۔‘
اداکار نے ایوارڈ ملنے پر نریمن ایرانی کی اہلیہ کو اسٹیج پر مدعو کیا اور پھر ایوارڈ اُن کے شوہر کے نام کیا تھا۔
یاد رہے کہ نریمن ایرانی ایک نامور بھارتی فلم پروڈیوسر تھے جو فلم ’ڈان‘ کی شوٹنگ کے دوران ہی ایک حادثے میں اِس دُنیا سے رخصت ہوگئے تھے۔
بالی ووڈ کی سُپر ہٹ فلم ’ڈان‘ 1978 میں ریلیز کی گئی تھی اِس فلم میں امیتابھ بچن کے ساتھ اداکارہ رینت امان نے مرکزی کردار اداکیا تھا۔
2006 میں ’ڈان‘ کی یاد تازہ کرنے کے لیے فرحان اختر کی ہدایت کاری میں دوبارہ’ڈان‘ بنائی گئی جس میں شاہ رخ خان نے مرکزی کردار ادا کیا تھا جبکہ اُن کے ساتھی اداکاروں میں پریانکا چوپڑا، اوم پوری، ارجن رامپال، کرینہ کپور سمیت دیگر اداکار شامل تھے۔
2011 میں فرحان اختر نے اِس فلم کا سیکیول’ ڈان2‘ بنایا اور اس میں بھی ’ڈان‘ کا کرادار شاہ رخ خان نے نبھایا تھا۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل امیتابھ بچن نے 1973 میں آنے والی اپنی فلم ’زنجیر‘ کے47 برس مکمل ہونے پر انسٹاگرام پر ’زنجیر‘ کی یادگار تصویر پوسٹ کی تھی۔