• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت نے ریلیف پیکج کے نام پر عوام کو بیوقوف بنایا: راجہ پرویز اشرف


پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف کا کہنا ہے کہ حکومت نے ریلیف پیکج کے نام پر عوام کو بیوقوف بنایا، حکومت کی پالیسی دوغلی ہے، کہتے کچھ ہیں اور کرتے کچھ ہیں۔

راجہ پرویز اشرف نے  قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے مشترکہ لائحہ عمل بنانے کے حوالے سے کوششوں کو پہلی ضرب تب لگی جب وزیرِ اعظم کل جماعتی کانفرنس سے اٹھ کر چلے گئے، وفاقی حکومت نے موقع کی مناسبت سے اقدام نہیں کیے، تذبذب کا شکار رہی۔

انہوں نے کہا کہ وفاق پاکستان کیلئے جو قربانیاں پیپلز پارٹی کی ہیں وہ کسی نے نہیں دیں، بلاول بھٹو ذوالفقارعلی بھٹو کی طرح وفاق کو جوڑنے کے مشن پر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کو سراہ رہی ہے کہ اس نے اپنی قوم کو ہر اسٹیج کیلئے پالیسی دی۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت پیغام دے رہی ہے کہ سندھ حکومت کو کام نہیں کرنے دیں گے، 2 وفاقی وزیر خصوصی طیارے پر سندھ حکومت کو برا بھلا کہنے کراچی گئے۔

راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ حکومت نے جو ریلیف پیکج دیا اس کے اعداد و شمار میں بھی ہیر پھیر تھی،حکومت نے 1100 ارب کی بجائے 400 ارب کا پیکج دیا ہے،حکومت نے ریلیف پیکج کے نام پر عوام کو بیوقوف بنایا۔

راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ بھارت نے اپنے لوگوں کی جانیں بچانے کیلئے جی ڈی پی کا 10 فیصد صحت کیلئے مقرر کیا، کوئی وزیر کھڑا ہو کر بتائے جی ڈی پی کا کتنے فیصد اس وبا کا مقابلہ کرنے کیلئے دیا ہے؟ وزیراعظم صاحب ہمیں مثالیں تو یورپ کی دیتے ہیں۔

پیپیلز پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ حکومت وہ ایکشن بتائے جس کو وہ تعاون سمجھتے ہیں، ہم وہ قدم اٹھانے کو تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو نا تجربہ ہے، نا سمجھ ہے نا سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں اور نا مشورہ لیتے ہیں۔

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیرخارجہ کہتے ہیں کہ  ہم صوبائیت کی بات کررہے ہیں، ہمیں افسوس ہے، وزیر خارجہ صاحب کے بیانات دیکھتا ہوں تو گھن آتی ہے، ہم تو روادار لوگ تھے، انہوں نے اس ملک کا کلچر خراب کردیا، جو بویا اب کاٹنا بھی پڑے گا۔

شاہ محمود قریشی اپنی ناک کسی اچھے ای این ٹی اسپیشلسٹ کو دکھائیں، کورونا بھی ناک میں ہی ہوتا ہے

انہوں نے کہا کہ ہم سے صوبائیت کی بو نہیں آرہی بلکہ وفاق کی خوشبو آرہی ہے، جب سائیڈ یا پارٹی بدلی جاتی تو اکثر خوشبو بدبو میں بدل جاتی ہے۔

راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم کرائے کے فوجی تو نہیں کہ جس کے ساتھ بیٹھیں ان کی زبان بولنا شروع کردیں، کل آپ ہمارے ساتھ بھی بیٹھے تھے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ٹڈی دل کا کیا کرے گی؟ فوڈ سکیورٹی کا کیا بنے گا؟ ایک طرف کورونا مارے گا دوسری طرف بھوک مارے گی، سندھ حکومت کو گالیاں دی جاتی ہیں تو تسلی ہوتی ہے کہ حکومت اچھا کام کررہی ہے۔

سندھ کے علاقے گمبٹ میں دنیا کا سب سے اچھا لیور ٹرانسپلانٹ ہوتا ہے، ہمارا چیرمین لڑنا نہیں چاہتا، حکومت زبردستی لڑنا چاہتی ہے۔

راجا پرویز اشرف کے ریمارکس پر ایم کیوایم کے ارکان اپنی نشستوں پر کھڑے ہوگئے اور شور شرابا شروع کردیا۔

ایم کیو ایم کے رہنما اور سابق صوبائی مشیر اطلاعات صلاح الدین نے کہا کہ ہمیں راجا پرویز اشرف کی بات کی وضاحت کرنے دی جائے۔

پینل آف چیئر غوث بخش مہر کا کہنا تھا کہ راجا پرویز اشرف نے کسی کا نام نہیں لیا، آپ کا نام نہیں لیا گیا، قواعد کے تحت کارروائی آگے چلنے دی جائے۔

عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما امیر حیدر خان ہوتی کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس نے کسی گاؤں، صوبے، ملک نہیں پوری دنیا اورانسانیت کومتاثر کردیا ہے، یہ وبا کب ختم ہوگی، کیسے ہوگی؟ آج پوری دنیا اس سوال کا جواب ڈھونڈ رہی ہے۔

امیر حیدر ہوتی کا کہنا تھا کہ یہ وبا صرف اپوزیشن اور حکومت تک محدود نہیں ہے، اس وبا نے پوری انسانیت کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسی کوئی بات نہیں کرنا چاہتا جس سے ایوان کا ماحول خراب ہو، تسلیم کرتے ہیں کہ ٹیسٹنگ کی استعداد بڑھی ہے، آج خیبرپختونخوا میں 5 ہزار سے زائد کیسز ہیں

انہوں نے بتایا کہ سب سے زیادہ لوگ خیبرپختونخوا میں مر رہے ہیں، کورونا کی سب سے پہلی وفات مردان میں ہوئی، کیا یہ حقیقت نہیں ہے کہ آج بھی لوگ خود ٹیسٹ کرانے سے گھبراتے ہیں

تازہ ترین