گلگت بلتستان کی حکومت نے کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز اور عوام کی جانب سے ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے کے سبب اتوار کو پورے گلگت بلتستان میں مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا۔
لاک ڈاؤن کے دوران میڈیکل اسٹورز، سبزی اور دیگر اشیائےخورونوش کی دکانیں کھلی رہیں گی۔
مشیر اطلاعات گلگت بلتستان شمس میر کے مطابق اتوار کو تمام کاروباری مراکز بھی بند رہیں گے جبکہ ہر قسم کی ٹرانسپورٹ بند اور ٹریفک کی نقل و حمل معطل رہے گی۔
مشیر اطلاعات کے مطابق مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ گزشتہ تین دنوں میں مارکیٹس میں بڑھتے ہوئے عوامی رش کے سبب کیا گیا ہے۔
مشیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ جی بی میں آئے روز کورونا کے کیسز تشویشناک حد تک بڑھ رہے ہیں اور اگر عوام حکومتی ایس او پیز پر عمل نہیں کریں گے تو صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔
مشیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان میں کورونا کے مزید 9 کیسز سامنے آئے ہیں، جس کے بعد کورونا کیسز کی تعداد527 ہوگئی جبکہ 348 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔