اسلام آباد(اے پی پی، جنگ نیوز) حکومت نے طورخم اور چمن بارڈر پرپاک افغان سرحد عید پر ہفتے میں چھ روز کے لئے کھولنے کا اعلان کردیا، تجارتی سامان کی ترسیل اور پیدل آمدورفت میں ایس او پیز کی پابندی پر عملدرآمد کی ہدایت۔
وزارت داخلہ کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق دونوں سرحدیں ہفتے کے سوا باقی چھ دن 24 گھنٹے کھلی رہیں گی۔ ہفتے کا روز صرف پیدل آمد و رفت کے لئے مخصوص ہو گا۔
وزارت داخلہ نے ایف آئی اے، آئی جی ایف سی کے پی نارتھ پشاور اور آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ) کوئٹہ کو مراسلہ میں ہدایت کی ہے کہ مقررہ دنوں کے دوران تجارتی سامان لے جانے اور لانے والے ٹرکوں کو آمد و رفت کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں اور ایس او پیز پر عمل کیا جائے۔
پیدل آمد و رفت کے حوالے سے بھی ایس او پیز کی پابندی پر عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔