لاہور کے علاقے نواب ٹاؤن میں نامعلوم افراد نے 10 سالہ بچے کو گلا دبا کر قتل کر دیا، پولیس نے شواہد اکٹھے کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔
پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت مصطفیٰ کے نام سے ہوئی ہے، مقتول اپنے کزن ابوبکر کے ساتھ گھر سے 100 روپے لیکر سامان لینے باہر نکلا تھا تاہم دکان بند ہونے کی وجہ سے ابوبکر تو واپس گھر آگیا جبکہ مصطفیٰ سامان لینے کسی اور دکان چلا گیا۔
3 گھنٹے تک مصطفیٰ کے گھر واپس نہ آنے پر گھر والوں نے اس کی تلاش شروع کی جس کے بعد اس کی لاش قریب ہی موجود زیرِ تعمیر عمارت سے ملی۔
پولیس نے لاش کو مردہ خانے منتقل کر دیا ہے، مقتول مصطفیٰ سمسانی گاؤں جوہر ٹاؤن کا رہائشی تھا، اس کی دو بہنیں ہیں جبکہ والد بیمار ہے۔
پولیس نے قتل سے پہلے زیادتی کا شبہ ظاہر کیا ہے تاہم پوسٹ مارٹم رپورٹ میں حقائق سامنے آنے کا انتظار ہے۔