پاکستان کے مایہ ناز فاسٹ بولر محمد عامر نے مکی آرتھر کو دنیا کا بہترین کوچ قرار دے دیا۔
سماجی رابطے کے ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں محمد عامر نے سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر کو سالگرہ کی مبارک باد بھی دی ہے۔
محمد عامر نے اپنے پیغام میں کہا کہ میرے لیے آپ دنیا کے بہترین کوچ ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے مکی آرتھر کے معاہدے میں گذشتہ برس ورلڈ کپ کے بعد توسیع نہیں کی تھی، مکی آرتھر ان دنوں سری لنکا کی ٹیم کے کوچ ہیں۔
پاکستان کے سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے عہدے کی معیاد ختم ہونے کے بعد فاسٹ بولر محمد عامر نے ٹیسٹ کرکٹ کو خیر آباد کہہ دیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ خود کو ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے کرکٹ تک محدود رکھنا چاہتے ہیں ،لیکن حال ہی میں پی سی بی نے نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں محمد عامر کو شامل نہیں کیا۔
ہیڈکوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے سینٹرل کنٹریکٹ کے نام تجویز کیے تھے، محمد عامر اور وہاب ریاض کا فہرست میں نام شامل نہیں تھا۔