• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا کی وبا، مسلم کمیونٹی عید الفطر سادگی اور احتیاطی تدابیر کیساتھ منائے، ناز شاہ شیڈو وزیر

بریڈ فورڈ (محمد رجاسب مغل) شیڈو وزیر ناز شاہ ایم پی نے مسلم کمیونٹی سے اپیل کی ہے کہ عید کا تہوار موجودہ کوویڈ 19 کی صورت حال کے پیش نظر انتہائی سادگی اور پوری حفاظتی تدابیر کے ساتھ منائیں۔ رمضان المبارک کے بعد مسلم کمیونٹی کا اپنے عید کے تہوار کو مذہبی جوش و جذبے سے کمیونٹی کے ساتھ مل کر منانا معمول کی بات ہے عید کی نماز کے بڑے بڑے اجتماعات ہوتے ہیں مگر اس سال ممکن نہیں ہو سکے گا ایسے میں کمیونٹی حکومت کی گائیڈ لائن پر عمل کرے اور سماجی فاصلوں کو برقرار رکھتے ہوئے کم سے کم خاندان کے افراد جمع ہوں اور سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز کے ذریعے آپس میں رابطہ رکھیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے برٹش مسلم وومن فورم کی جانب سے عید کے تہوار کو حفاظت کے ساتھ منانے کے لیے کمیونٹی کی آگاہی مہم کی حمایت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر برٹش مسلم وومن فورم کی چیئرمین صبیحہ خان نے کہا کہ بہت سارے افراد کورونا کی وبا کی وجہ سے متاثر ہوئے اور کئی خاندان اپنے پیاروں کو اس بیماری سے کھو چکے ہیں ایسے میں ضروری ہے کہ ہم عید سادگی سے منائیں عید کے موقع پر عمومی طور پر خاندانی اجتماعات ہوتے ہیں مگر اس سال لاک ڈاون کے حکومتی احکامات کی پاسداری کو یقینی بنانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ او این ایس کے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے بی ایم ای کمیونٹی میں اس وائرس کے پھیلاؤ کا رسک زیادہ ہے یارکشائر میں بھی انفیکشن کی شرح زیادہ ہے اور یہ خدشہ ہے کہ عید کے اجتماعات سے مزید بڑھ جانے کا سبب بن سکتے ہیں انہوں نے کہا برٹش مسلم ویمن فورم اور ان کے ممبران اپنے نیٹ ورکس کا استعمال کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنائے ہوئے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں تک یہ پیغام پہنچ سکے اور بریڈفورڈ میں مساجد سے بھی مدد حاصل کرنے کے لئے رابطہ کر رہے ہیں۔ برٹش مسلم وومن فورم سے تعلق رکھنے والی سابق کونسلر کنیز اختر نے کہا کہ ہمارے بہت سے کمیونٹی ممبر ایسے ہیں جو اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں اس جان لیوا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ضروری ہے کہ ہم احتیاطی تدابیر اختیار کریں خود کو بھی بچائیں اور دوسروں کی بھی حفاظت کریں۔ کونسلر رضوانہ جمیل کا کہنا تھا کہ اس وقت جان بچانا ضروری ہے ایک بار جب ہم اس وبائی بیماری کے خطرات سے نکل گئے تو انشاءاللہ عید منانے کے بے شمار مواقع حاصل ہوتے رہیں گے۔

تازہ ترین