کراچی( افضل ندیم ڈوگر) نوسر بازی کے ذریعے شہریوں کے واٹس ایپ یا دیگر سوشل میڈیا اکاؤنٹس ہیک کرنے کی شکایات تو عام ہیں مگر اب سیلیکون انگوٹھوں (مصنوعی انگوٹھا) کے ذریعے موبائل فون سم کارڈز نکلوا کر لوٹ مار کا نیا سلسلہ سامنے آیا ہے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن اتھارٹی طارق نواز نے اس نمائندے کو بتایا کہ کراچی کے ایک شہری فرحان کا موبائل فون نیٹ ورک اچانک غائب ہوگیا۔ معلومات پر پتہ چلا کہ ان کا موبائل فون سم کارڈ ایکٹیو ہوگیا تھا مزید بتایا گیا کہ کسی نے اس نمبر کی دوسری سم نکلوا لی تھی۔ حکام کے مطابق یہی نہیں مذکورہ ملزم نے اس سم اور شہری کے سلیکون تھمب کے ذریعے ان کے فائنانشل اکاؤنٹ بھی ایکٹیویٹ کر لئے تھے۔ شکایت ملنے پر این سی سی آئی اے میں رپورٹ درج کرلی گئی ہے اور ملزمان کا سراغ بھی لگا لیا گیا ہے۔