• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عید پر روایتی اور غیر روایتی پکوان کی تیاری

رمضان کے روزے رکھنے پر یکم شوال کو اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کو عباداتِ رمضان کا ثواب عطا فرماتے ہیں۔ عید کے دنوں میں ہر گھر میں کھانے پینے کا خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے اور مختلف قسم کے کھانے بناکر عید کی خوشیوں کو دوبالا کیا جاتا ہے۔ سب اپنی اپنی پسند کے مطابق کھانے بنا کر دسترخوان سجاتے ہیں، جن میں چٹ پٹے کھانوں کے ساتھ میٹھا لازمی بنایا جاتا ہے۔ اس موقع پر روایتی کھانوں کے ساتھ ساتھ اسنیکس بنانے پر بھی کافی توجہ دی جاتی ہے تاکہ انہیں مہمانوں کو پیش کیا جاسکے۔ 

عید کے موقع پر شیرخرما سب سے اہم مانا جاتا ہے اور اگر یہ کہا جائے کہ اس کے بغیر عید ادھوری لگتی ہے تو بیجا نہ ہوگا۔ شیرخرما اور سویاں تقریباً ہر گھر میں بنائی جاتی ہیں اور ان کی لذت کھانے والوں کے منہ کا ذائقہ لبھا دیتی ہیں۔ لہٰذا سب سے پہلے ہم شیر خرما کی چند ریسیپیز کا ذکر کریں گے اور اس کے بعد چند دیگر ریسیپیز کا جنہیں آپ تیار کرکے گھروالوں سے یقیناً داد وصول کریں گے۔

شیر خرما

درکار اجزاء:

دو دھ۔ ایک لیٹر

کاجو۔25 گرام

کشمش۔ 25گرام

بادام۔ 25گرام

پستہ۔ 25گرام

اخروٹ۔ 25 گرام

خربوزے کے بیج۔ 25گرام

دیسی گھی ۔آدھا کپ

چھوٹی اِلائچی۔ چھ عدد

لونگ ۔چار عدد

مخانے ۔100 گرام

ناریل۔ 25 گرام

پھینیاں ۔100 گرام

سویاں ۔100 گرام

چینی ۔ایک کپ

کھویا۔ 50 گرام

کیوڑہ ۔ آدھا چائے کا چمچ

ٹوٹی فروٹی ۔150 گرام

ترکیب:

سب سے پہلے ایک پین میں دودھ اُبالیں۔ پھر ایک دوسرے پین میں دیسی گھی ڈالیں اور اس میں چھوٹی الائچی، لونگ، میوہ جات ،مخانے ،ناریل ، پکا ہوا دودھ ،پھینیاں ،سوّیاں ،چینی ،اخروٹ اور کھویاڈا ل کر آٹھ سے دس منٹ تک پکا لیں۔ اب اس میں کیوڑہ ڈال کر گارنش کر لیں۔لیجیے آپ کا مزیدار شیرخرما تیار ہے ۔

شاہی شیرخرما

درکار اجزاء:

دودھ ۔دو لیٹر

سوکھی کھجور۔250گرام (گٹھلیاں نکال کر باریک کاٹ لیں)

کھوپرا۔50گرام یعنی پانچ کھانے کے چمچ(کھرچ لیں)

بادام،پستہ۔ 50 گرام (گرم پانی میں بھگو کر چھلکا اتار لیں)

الائچی۔ایک چائے کا چمچ(دانے نکال لیں)

کیوڑہ۔ایک کھانے کا چمچ

سویاں ۔پچاس گرام

چینی۔ حسبِ ضرورت

گھی۔ایک کھانے کا چمچ

ترکیب:

دودھ میں کھجوروں کو پکا کر گلا لیں۔ پھر گھی یا تیل میں سویاں بھون کر انہیں کھجور والے دودھ میں ڈال دیں۔ اب چینی، بادام، پستہ اور کھوپرا شامل کریں اور درمیانی آگ پر پکائیں۔ جب تھوڑا گاڑھا ہونے لگے تو الائچی ڈال لیں۔ جب پک کر ٹھنڈا ہو جائے تو کیوڑہ چھڑک لیں۔

اسپیشل میوہ شیرخرما

درکار اجزاء:

دودھ۔ ایک لیٹر

چینی۔ ایک کپ

کھوپرا (پسا ہوا)۔ چار کھانے کے چمچ

پستے (پسے ہوئے)۔ دو کھانے کے چمچ

چھوہارے۔ دو عدد

چاول (پسے ہوئے)۔ چار کھانے کے چمچ

سویاں۔ ایک کپ

کھویا ۔چارکھانے کے چمچ

بادام (پسے ہوئے)۔ دو کھانے کے چمچ

چھوہارے۔ چھ عدد (بیج نکال کر چار چار ٹکڑوں میں کاٹ لیں)

الائچی کے دانے۔ چار عدد

ترکیب:

پتیلی میں دودھ ڈال کر اُبلنے کے لئے رکھ دیں، جب اُبال آجائے تو آنچ ہلکی کر دیں۔ اب اس میں سویاں، چاول اور چینی ڈال دیں اور10منٹ تک چمچ ہلاتے رہیں۔اس کو 20سے25منٹ ہلکی آنچ پر پکنے دیں۔پھر پسا ہواکھوپرا، بادام، پستے، الائچی دانے اور چھوہارے ڈال دیں اور مزید 10منٹ تک پکائیں۔ اسے سرونگ ڈش میں نکال لیں۔ ٹھنڈا ہو جائے تو کھویا اور کٹے ہوئے چھوہاروں سے گارنش کر کے پیش کر یں۔

باریک سویوں کا زردہ مولڈ

درکار اجزاء:

سویاں(باریک)۔ ایک پیکٹ

گھی۔ چار کھانے کے چمچ

الائچی پاوڈر ۔آدھا چائے کا چمچ

کریم۔ ایک پیکٹ

دودھ۔ ایک کپ

چینی۔ ایک کپ

زرد رنگ۔ حسبِ ضرورت

پستہ، بادام، کشمش ۔گارنشنگ کے لیے

کیوڑہ ۔ایک کھانے کا چمچ

ترکیب:

سوس پین میں گھی گرم کر کے سویاں فرائی کریں۔ اس میں چینی، زرد رنگ، دودھ، الاائچی پاوٴڈر ، پستہ، بادام، کشمش اور کریم ڈال کر مکس کر کے ہلکی آنچ پر پکائیں۔ اس کے بعد ڈھکن ڈھک کر ہلکی آنچ پر پکائیں اور دھیان سے چمچ چلاتے رہیں۔ آخر میں کیوڑہ ڈالیں اور کسی پین یا مولڈ میں سیٹ کر دیں۔ تھوری دیربعد سرونگ پلیٹ میں پلٹ لیں۔ گارنش کر کے پیش کریں۔

سویوں کی کھیر

درکار اجزاء:

دودھ ۔آدھا کلو

سویاں ۔ ایک کپ

چاندی کا ورق ۔ ایک عدد

ثابت سبز الائچی ۔ چار عدد

کیوڑہ۔ ایک چائے کا چمچ

چینی ۔چار کھانے کے چمچ

بادام ۔ حسب ِضرورت

پستہ ۔حسب ِضرورت

ترکیب:

دودھ میں چینی ڈال کر اُبال لیں اور پھر سویوں کو دودھ میں ڈالیں۔ ساتھ ہی الائچی بھی شامل کردیں۔ جب دودھ ہلکا گاڑھا ہوجائے تو اس میں کیوڑہ ڈالیں اور سرونگ پلیٹ میں نکال لیں۔ کٹے ہوئے بادام، پستہ اور چاندی کے ورق سے گارنش کر کے پیش کریں۔

کھوئے کی سویاں

درکار اجزاء:

کھویا۔ ڈیڑھ پاؤ

سویاں۔ ایک کلو

بالائی۔ آدھ کلو

دودھ۔ آدھا لیٹر

چینی۔ ایک کلو

تیل ۔حسبِ ضرورت

کیوڑہ ۔ایک بڑا چمچ

بادام ۔ایک چھٹانک

کشمش۔ آدھی چھٹانک

پستہ ۔آدھا چھٹانک

لونگ ۔دو تین عدد

پسا زعفران۔ آدھی چٹکی

سبز الائچی۔ چند عدد

ترکیب:

پتیلی میں تیل گرم کریں، اس میں لونگ اور سبز الائچیاں ڈال کر بھون لیں۔ سویوں کو بھی بادامی رنگت آنے تک بھونیں۔ ان پر دودھ ڈالیں اور مدہم آنچ پر پکنے دیں۔ سویاں پک جائیں تو بالائی اور کھوئے کوملا کر پھینٹیں اور سویوں میں شامل کر دیں۔ لیجیے مزیدار کھویا سویاں تیار ہیں۔

قیمہ کچوری

درکار اجزاء:

قیمہ ۔ آدھا کلو

نمک ۔ حسب ذائقہ

ادرک لہسن پسا ہوا ۔ ایک کھانے کا چمچ

پیاز (آملیٹ کی طرح کٹی ہوئی) ۔ دو عدد درمیانی

لال مرچ پسی ہوئی۔ ایک چائے کا چمچ

ثابت دھنیا۔ ایک کھانے کا چمچ

کالی مرچ پسی ہوئی ۔ آدھا چائے کا چمچ

سفید زیرہ ۔ایک چائے کا چمچ

ہری مرچیں (باریک کٹی ہوئی) ۔تین سے چار عدد

ہرا دھنیا (باریک کٹا ہوا)۔ ایک گٹھی

لیموں کا رس ۔ دو کھانے کے چمچ

میدہ۔ایک کلو

میٹھا سوڈا ۔ ایک چائے کا چمچ

اجوائن ۔آدھا چائے کا چمچ

گھی۔تلنے کے لیے

ترکیب:

سب سے پہلے میدہ لیں اور اس میں نمک، میٹھا سوڈا، اجوائن اور چار کھانے کے چمچ گھی ڈال کر آٹھ سے دس منٹ تک اچھی طرح گوندھیں۔ پھر ململ کے گیلے کپڑے میں لپیٹ کر دس سے پندرہ منٹ کے لیے رکھ دیں۔ اب دیگچی میں ایک کھانے کا چمچ گھی درمیانی آنچ پر دو سے تین منٹ تک گرم کریں۔ قیمہ،ادرک لہسن، کالی مرچ اور لال مرچ ڈال کر اتنی دیر پکائیں کہ قیمے کا اپنا پانی خشک ہو جائے۔ پھر ثابت دھنیا اور زیرہ ڈال کر دو سے تین منٹ بھون لیں۔ چولہے سے اتار کر اس میں پیاز، ہری مرچیں، ہرا دھنیا اور لیموں کا رس ملا لیں اور ٹھنڈا ہونے کے لیے رکھ دیں۔ 

کچوریوں کے لیے آٹے کے پیڑے بنا لیں اور ہاتھ کو گیلا کر کے پیڑے کو ذرا سا پھیلا لیں۔ ہر پیڑے میں ایک ایک چمچ قیمہ بھر کر پیڑے کو اچھی طرح بند کریں اور دس سے پندرہ منٹ کے لیے فریج میں رکھ دیں۔ اس کے بعد کڑاہی میں گھی کو درمیانی آنچ پر تین سے پانچ منٹ گرم کریں اور دوبارہ ہاتھ کو گیلا کر کے پیڑے کو ہتھیلی پر رکھ کر ہلکا سا دبائیں، پھر گرم گھی میں سنہری رنگت ہونے تک ڈیپ فرائی کریں۔ کچوریوں کو ٹشو پیپر یا خاکی کاغذ پر نکال لیں اور پیش کریں۔

کچری قیمہ

درکار اجزاء:

قیمہ۔ ایک کلو

براؤن پیاز۔ آدھا کپ

پپیتا۔ایک کھانے کا چمچ

لہسن ادرک۔ 2کھانے کے چمچ

سفید تل۔ ایک کھانے کا چمچ

ناریل۔ ایک کھانے کا چمچ

خشخاش۔ ایک چائے کا چمچ

تیز پتہ۔ 2عدد

لونگ۔ 6عدد

دار چینی۔ 2عدد

بڑی الائچی۔ 2عدد

دہی۔ ایک کپ

لال مرچ۔ ایک چائے کا چمچ

نمک۔ ایک چائے کا چمچ

ترکیب:

قیمہ میںپپیتا لگائیں اور آدھے گھنٹے کے لئے چھوڑ دیں۔ پھر دہی میں نمک، لال مرچ، لہسن اور ادرک ڈال کر مکس کریں۔ تمام گرم مسالوں کو پیس لیں اور ناریل خشخاش کو پیس کر دہی میں ملا لیں۔ پھر قیمہ ڈال کر مکس کریں اور ایک گھنٹہ کے لئے چھوڑ دیں۔ اب آدھا کپ تیل میں قیمہ ڈال کرہلکی آنچ پر پکائیں، آخر میں کوئلہ کا دھواں دیں اور پیاز کے رِنگ کے ساتھ پیش کریں۔

ملائی بوٹی سینڈوچ

درکار اجزاء:

چکن بوٹی۔ آدھا کلو

مکھن۔ ایک پیکٹ

پودینہ ۔ایک گٹھی ﴿باریک کٹا ہوا

ڈبل روٹی۔ ایک عدد

پیاز ۔دو عدد (لچھے میں کٹی ہوئی)

لیموں ۔دو عدد

ہری مرچ۔ چار عدد ﴿باریک کٹی ہوئی

تازہ گرم دودھ۔ آدھی پیالی

کالی مرچ ۔ایک چائے کا چمچ پسی ہوئی

ادرک کا پیسٹ۔ ایک کھانے کا چمچ

تندوری مسالہ۔دو کھانے کے چمچ

تیل۔ دو کھانے کے چمچ

فریش کریم۔ تین کھانے کے چمچ

مایونیز۔ حسب ضرورت

نمک ۔حسب ذائقہ

ترکیب:

لچھے میں کٹی ہوئی پیاز دھوکر نمک کے پانی میں دو منٹ کے لیے ڈال کر نکالیں۔پھر اس میں لیموں کا رس، نمک، باریک کٹا پودینہ اور باریک کٹی ہری مرچ ملادیں۔اب چکن بوٹی میں ادرک کا پیسٹ اور نمک لگاکر ہلکا سا کچل لیں۔ پھر تندوری مسالہ، فریش کریم اورپسی کالی مرچ ملاکر پانچ منٹ کے لیے رکھ دیں۔ اس کے بعد فرائنگ پین میں تیل گرم کرکے چکن اسٹر فرائی کریں۔جب پانی خشک ہوجائے تو چکن کو ٹھنڈا کرکے باریک ٹکڑے کریں۔ 

اب الگ پیالے میں مایونیز اور مکھن ملائیں۔ پھر گرم دودھ شامل کرکے تین منٹ کے لیے فریج میں رکھ دیں۔اس کے بعد ایک ایک سلائس پر پہلے مایونیز اور مکھن لگائیں اور چکن پھیلاکر رکھیں۔ اب تیار کی ہوئی تھوڑی سی پیاز ڈال کر اوپر دوسرا سلائس رکھیں اور کنارے کاٹ دیں۔ دو ٹکڑے کرکے مزیدار سینڈوچز پیش کریں۔

منی پیزا

درکار اجزاء:

میدہ۔ دو کپ

خمیر ۔دو چائے کے چمچ

نمک ۔حسبِ ذائقہ

پاؤڈر ملک۔ دو کھانے کےچمچ

چینی (پسی ہوئی)۔ ایک کھانے کا چمچ

مکھن۔ ایک کپ

انڈہ۔ ایک عدد

نیم گرم پانی۔ حسب ِضرورت

مرغی کا گوشت (ابلا ہوا)۔ دو کپ

کیچپ۔ حسبِ ضرورت

موزریلا چیز (کدو کش کر لیں )۔ دو کپ

ترکیب:

میدے میں خمیر، نمک، دودھ کا پاؤڈر، چینی، مکھن اور انڈہ مکس کر دیں اور گرم پانی سے آٹا گوندھ لیں۔ ڈھک کر کے ایک گھنٹے کے لئے چھوڑ دیں، اب منی پیزا بنا کر اسے پیزا ٹرے میں رکھیں۔اس پر کیچپ لگائیں۔ مرغی کا گوشت اور چیز چھڑکیں اور 180Cپر15سے20منٹ بیک کریں اور پھر کیچپ کے ساتھ پیش کریں۔

چکن نگٹس

درکار اجزاء:

چکن(بغیر ہڈی کی بوٹیاں)۔ ایک کلو

نمک۔ حسبِ ذائقہ

لہسن پسا ہوا۔ ایک کھانے کا چمچ

سفید مرچ۔ پسی ہوئی آدھا چائے کا چمچ

سرکہ۔ دو سے تین کھانے کے چمچ

سویاسوس۔ دو کھانے کے چمچ

آمیزہ بنانے کے لئے:

میدہ۔ ایک پیالی

کارن فلار۔ آدھی پیالی

نمک۔ حسبِ ذائقہ

پسی ہوئی سفید مرچ۔ آدھا چائے کا چمچ

انڈوں کی سفیدی۔ دوعدد

تیل۔ حسبِ ضرورت

ترکیب:

چکن میں نمک، لہسن،سفیدمرچ، سرکہ اور سویا سوس لگا کر آدھے سے ایک گھنٹے کے لئے فریج میں رکھ دیں۔ آمیزہ بنانے کے لئے انڈوں کی سفیدی پھینٹ کر میدہ ، کارن فلار، نمک اور سفید مرچ ملا لیں۔ اس مکسچر میں اتنا پانی ڈالیں کہ گاڑھا سا آمیزہ بن جائے، پھر اس میں چکن کی بوٹیاں ڈپ کرکے پندرہ سے بیس منٹ کے لئے فریج میں رکھ دیں۔ 

کڑاہی میں کوکنگ آئل کو درمیانی آنچ پر تین سے پانچ منٹ تک گرم کریں اور چکن نگٹس گولڈن فرائی کرلیں۔ ٹشو پیپر یاخاکی کاغذ پر نکال لیں۔ مسالہ لگی چکن کو دو سے تین دن تک ہوا بند ڈبے میں بندکرکے فریزر میں رکھاجاسکتا ہے۔

پائن ایپل کریم کیک

درکار اجزاء:

اسپنج کے لئے

انڈے ۔چار عدد

کاسٹر شوگر۔ چار اونس

ونیلا ایسنس۔ ایک چائے کا چمچ

میدہ ۔چار اونس

بیکنگ پاؤڈر۔ ایک چائے کا چمچ

پائن ایپل ایسنس۔ ایک چائے کا چمچ

فلنگ کے لیے

فروٹ سیرپ۔حسب ضرورت

کریم ۔ایک کپ

پائن ایپل۔ ایک ٹن (کٹا ہوا)

فریش کریم ۔گارنش کے لیے

پائن ایپل رنگز۔حسب ضرورت

چیری۔ گارنش کے لیے

ترکیب:

اسپنج بنانے کے لئے ایک پیالے میں انڈے اور کاسٹر شوگر ڈال کر بیٹ کر لیں۔ پھر اس میں ونیلا ایسنس، پائن ایپل ایسنس، میدہ اور بیکنگ پاؤڈر ڈال کر فولڈ کر لیں۔ نو انچ کے گریس پین میں بیٹر ڈال کر بیس سے پچیس منٹ کے لیے ایک سو اسی ڈگری سینٹی گریڈ پر بیک کر لیں اور وائر ریک پر نکال کر ٹھنڈا کر لیں۔ جب کیک ٹھنڈا ہو جائے تو اس کو درمیان سے کاٹ کر فروٹ سیرپ ڈال دیں اور اسپنج کو گیلا کر لیں۔ پھر اس پر کریم اور پائن ایپل ڈال کر دوسرا پیس رکھ دیں۔ اب فریش کریم، پائن ایپل رنگ اور چیری کے ساتھ گارنش کرکے پیش کریں ۔

چاکلیٹ پائی

درکار اجزاء:

پائی کی بیس بنانے کے لیے

مکھن۔چار اونس

کاسٹر شوگر۔دواونس

میدہ۔آٹھ اونس

انڈے کی زردی ۔ایک عدد

ٹھنڈا پانی۔حسب ضرورت

براؤنی کے لئے

مکھن ۔چھ اونس

چاکلیٹ۔ 200گرام

انڈے۔تین عدد

ونیلا ایسنس۔ایک چائے کا چمچ

میدہ ۔ ایک کپ

چاکلیٹ چپ۔ ایک کپ

چینی۔ڈیڑھ سےدو کپ

آئسنگ شوگر( چھڑکنے کےلئے)۔ حسب ضرورت

ترکیب:

بیس بنانے کے لیے مکھن اور کاسٹر شوگر کو ملا کر پھینٹ لیں، یہاں تک کہ وہ کریمی ہو جائے۔ اب اس میں میدہ اور انڈے کی سفیدی شامل کریں، یہاں تک کہ وہ بریڈ کرمبز کی شکل اختیار کرلے۔ پھر اسے حسب ضرورت ٹھنڈے پانی سے گوندھ لیں اور آٹھ انچ کی پائی پلیٹ میں پھیلا دیں۔ اب اسے پہلے سے گرم اوون میں180ڈگری سینٹی گریڈ پر 20منٹ کے لیے بیک کر لیں۔

براؤنی بنانے کے لئے ایک سوس پین میں چاکلیٹ اور مکھن پگھلالیں۔ اب اس مرکب کو ایک پیالے میں نکال لیں، پھر اس میں چینی شامل کر کے مکس کریں۔ اس میں ایک ایک کرکے انڈے ڈالتے جائیں اور اچھی طرح پھینٹ لیں۔ اس کے بعد ونیلا ایسنس اور میدہ شامل کرکے اچھی طرح فولڈ کر لیں۔ چاکلیٹ چپس ڈال کر مکس کر لیں۔ اب اسے بیس پر ڈالیں اور اوپر سے چاکلیٹ چپ چھڑک دیں۔ اس کے بعد پہلے سے گرم اوون میں 40منٹ کے لیے بیک کر لیں، یہاں تک کہ وہ سیٹ ہو جائے۔ اسے نکال کر ٹھنڈا کرلیں اور اس پر آئسنگ شوگر چھڑک دیں۔

تازہ ترین