ایک نئی تحقیق کے نتیجے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ پیاز کھانے سے صحت پر متعدد مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں جن میں سر فہر ست کولیسٹرول کی سطح کا متوازن ہونا ہے۔
ماہرین غذائیت کے مطابق فاسفورس سے بھر پور پیاز کے 100 گرام میں 40 کیلوریز ، 89 فیصد پانی، 1.1 گرام پروٹین ، 9.3 گرام کاربز ، 4.2 گرام شوگر ، 1.7 گرام فائبر اور 0.1 گرام فیٹ پایا جاتا ہے ۔
منرلز اور وٹامنز کے اعتبار سے پیاز میں وٹامن سی ، اینٹی آکسیڈنٹ جز پائے جاتے ہیں جو کہ جلد اور بالوں کے لیے نہایت مفید ہیں۔
فولیٹ یعنی وٹامن B9 کی موجودگی سے میٹابالزم تیز، اور نئے خلیوں کو بننے میں مدد ملتی ہے، وٹامن بی9 کے سبب پیاز حاملہ خواتین کے لیے نہایت موزوں غذا ہے۔
وٹامن B6 کی موجودگی خون میں لال خلیوں کی افزائش بہتر بناتی ہے اور کارکردگی بڑ ھاتی ہے۔
انسانی جسم کے لیے بنیادی منرل پوٹاشیم کے سبب بلڈ پریشر متوازن ہوتا ہے اور دل کی صحت بہتر بناتا ہے ۔
کولیسٹرول کی سطح متوازن رکھتا ہے
خون میں کولیسٹرول کی زیادتی موٹاپے سمیت کئی بیماریوں کو دعوت دیتی ہے جس میں دل کاعارضہ لاحق ہو جانا سب سے خطرناک بیماری ہے ، پیاز کے استعمال سے کولیسٹرول کی زیادتی سے بچا جا سکتا ہے ، تحقیق کے مطابق پیاز میں ’فلاوینائیڈ‘ پائے جانے کے سبب اس کا استعمال خون میں منفی کولیسٹرول کی مقدار کو گھٹاتا ہے جو کہ دل کی صحت کے لیے نہایت مفید ثابت ہوتا ہے۔
فوڈ اینڈ فنکشن جرنل اسٹیٹ میں شائع ہونے والی اور ایک تحقیق کے مطابق چوہوں کی نسل ’ ہیمسٹر ‘ کے دو گروپس بنائے گئے جن میں سے ایک گروپ کو پیاز کا استعمال کروایا گیا جبکہ دوسرے گروپ کو دوسری غذا دی گئی، چوہوں کے جس گروپ کو پیاز کا استعمال کروایا گیا تھا ان میں دوسرے چوہوں کے مقابلے میں کولیسٹرول کی سطح نہایت کم تھی۔
پیاز کے استعمال کے دیگر فوائد
پیاز کو سلاد کے طور پر روزانہ اور ہر غذا کے ساتھ استعمال کیا جا سکتا ہے ، اس کے استعمال سے ذیابطیس کی شکایت میں آرام آتا ہے۔
بالوں کی صحت کے لیے اس کا رس نکال کر بالوں پر لگانے سے بالوں کی افزائش میں حیرت انگیز طور پر اضافہ ہوتا ہے اور بال نئے سرے سے نکلنا شروع ہو جاتے ہیں۔
اینٹی بیکٹیریل خصوصیات پائے جانے کے سبب اس کے استعمال سے کئی بیماریوں اور وائرل انفیکشن سے بچا جا سکتا ہے ۔