• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاق نے ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے کوئی تیاری نہیں کی: اسماعیل راہو

صوبائی وزیرِ زراعت اسماعیل راہو  کا کہنا ہے وفاق نے ٹڈی دل کے خاتمے کی اب تک کوئی بھرپور تیاری نہیں کی، ٹڈیوں کے خاتمے کے لیے سندھ کی مدد کرنے پر پاک فوج کے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر وفاق کا یہ ہی رویہ رہا تو سندھ میں زراعت کو اربوں روپے کا نقصان ہوگا۔

یہ بھی پڑھیے: ٹڈی دل کورونا سے زیادہ خطرناک ثابت ہوگا، اسماعیل راہو

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ سندھ کے 22  اضلاع میں ٹڈی دل موجود ہے، گھوٹکی اور کشمور ٹڈی دل سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں

انہوں نے بتایا کہ سندھ میں 57 لاکھ 78 ہزار ہیکٹرز پر اسپرے کیا گیا ہے، پنجاب میں 6 ہزار 7 سو ہیکٹرز اور بلوچستان میں 1535 ہیکٹرز پر فضائی اسپرے کیا گیا۔

اسماعیل راہو نے بتایا کہ وفاق نے ابھی تک سندھ کے کسی بھی اضلاع میں فضائی اسپرے نہیں کیا، وفاق نے سکھرکےمقام پر فضائی اسپرے کے لیے 50 سال پرانا ایئرکرافٹ بھیجا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ملک میں ایک ہی پائلٹ ہے جو پنجاب کے بعد سندھ اور بلوچستان میں اسپرے کرے گا، آنے والے مہینوں میں ٹڈی دل سے سب سے زیادہ خطرہ سندھ کو لاحق ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب تک وفاق نے ہمیں صرف 5 ٹیمیں فراہم کی ہیں، اپنی مدد آپ تحت اسپرے کررہے ہیں، محکمہ زراعت کی 25 گاڑیاں ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے مختلف اضلاع میں اسپرے کر رہی ہیں۔

اسماعیل راہو نے بتایا کہ محکمے کی 98 ٹیمیں سروے، اسپرے اور کاشتکاروں کی رہنمائی کے لئے موجود ہیں، ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے سندھ کی مدد کرنے پر پاک فوج کے شکر گزار ہیں۔

تازہ ترین